• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نژاد برطانوی وزیر خزانہ ساجد جاوید مستعفی،نصرت غنی بھی کابینہ سے فارغ،رشی سونک نئے چانسلر تعینات،بھارت نژاد وزرا کی تعداد 3 ہوگئی

کراچی،لندن (آصف ڈار/مرتضیٰ علی شاہ/نیوز ڈیسک) وزیراعظم بورس جانسن کے ساتھ اختلافات کے با عث پاکستان نژاد برطانوی وزیرخزانہ ساجد جاوید مستعفی ہوگئے جبکہ نصرت غنی کو بھی کابینہ سے فارغ کردیا گیا۔ ساجد جاوید کی جگہ رشی سونگ کو نیا چانسلر تعینات کردیا گیا، جس کے بعد بھارت نژاد وزرا کی تعداد 3 ہوگئی۔ مستعفی وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ کوئی بھی خوددار وزیر ان حالات میں کام نہیں کرسکتا، اعلیٰ حکومتی عہدوں پر فائز رہااور عوام کی خدمت کی جو اعزاز ہے۔ پاکستانی کمیونٹی نے کابینہ سے ان کے استعفیٰ پر اظہار افسوس کیا ہے۔ دوسری جانب جولیان سمتھ، انڈریا لیڈسم، تھیریسا ویلیئرز بھی کابینہ سے باہر ہوگئیں جبکہ اٹارنی جنرل جیوفرے کاکس کو مستفی ہونے کی ہدایت کردی گئی۔ انڈین نژادالوک شرما بزنس سیکرٹری مقرر کر دیئے گئے۔ پریتی پٹیل وزیرداخلہ برقرار ہیں۔ تفصیلا ت کے مطابق برطانوی حکومت میں سینئر ترین پاکستان نژاد عہدیدار چانسلر آف ایکسچیکر ساجد جاوید نے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے ساتھ اپنے اختلافات کے باعث استعفیٰ دے دیا ہے۔ وزیراعظم نے انھیں اپنے مشیروں کو ہٹانے کی ہدایات کی تھیں۔ بورس جانسن نے ان کی جگہ خزانے کے موجودہ چیف سیکرٹری بھارت نژاد رشی سونک کو چانسلر بنا دیا ہے۔ چانسلر رشی سونک کے اضافے کے بعد اب برطانیہ کے تین بڑے عہدوں پر وزیر داخلہ پریتی پٹیل اور انٹر نیشنل ڈویلپمنٹ کے وزیر الوک شرما فائز ہیں، جنہیں اب بزنس سیکرٹری بنا دیا گیا ہے۔ یہ سب بھارت نژاد ہیں۔ ساجد جاوید کو پہلی مرتبہ ڈیوڈ کیمرون نے اپنی کابینہ میں شامل کیا تھا جبکہ وہ تھریسا مے کے دور میں وزیر داخلہ کے عہدے پر فائز رہے۔ نئے چانسلر 39سالہ رشی سونک 2015ء میں پہلی مرتبہ رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے۔ 2018ء میں انہیں ہائوسنگ کا جونیئر وزیر بنایا گیا۔ بورس جانسن نے حال ہی میں انہیں خزانہ کا چیف سیکرٹری مقرر کیا تھا۔ ساجد جاوید نے مستعفی ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ان کے لئے برطانوی حکومت کے اعلیٰ عہدوں پر فائز رہنا اور عوام کی خدمت کرنا ایک اعزاز کی بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بورس جانسن نے حال ہی میں جس طرح کی ہدایات جاری کی ہیں، ان پر کوئی سیلف رسپیکٹ رکھنے والا وزیر عمل نہیں کرسکتا۔ سابق چانسلر ساجد جاوید کو آئندہ ماہ اپنی حکومت کا پہلا بجٹ پیش کرنا تھا، تاہم اب یہ کام رشی سونک کریں گے۔ وزیراعظم بورس جانسن نے کہا تھا کہ وہ اپنے تمام خصوصی مشیروں کو تبدیل کرکے انہیں نمبر 10ڈائوننگ اسٹریٹ کی ایک ٹیم بنائیں گے۔ ساجد جاوید نے اس پر اختلاف کرتے ہوئے کہا تھا کہ کوئی بھی خوددار وزیر ان شرائط کو قبول نہیں کرسکتا۔ برٹش پاکستانیوں نے ساجد جاوید کے کابینہ سے اخراج کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ برطانوی کابینہ میں اب برٹش پاکستانیوں کی کوئی نمائندگی نظر نہیں آرہی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ناردرن آئی لینڈ سیکرٹری جولیان سمتھ اوربزنس سیکرٹری انڈریا لیڈسم بھی فارغ کردی گئی ہیں۔ ہائوسنگ منسٹر ایستھر مک وے اور انوائرومنٹ سیکرٹری تھیریسا ویلیئرز بھی حکومت سے باہر ہوگئی ہیں۔ اٹارنی جنرل جیوفرے کاکس کو بھی وزیراعظم نے مستعفی ہونے کی ہدایت کردی۔

تازہ ترین