کراچی کے مختلف علاقوں میں کاروائیاں 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ، منظور کالونی میں پولیس اور رینجرز کے مشترکہ سرچ آپریشن میں 16 افراد کو حراست میں لیا گیا، شاہ لطیف میں اندھی گولی لگنے سے بچہ زخمی ہوگیا۔
گبول ٹاؤن میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے شراب کی بڑی تعداد میں بوتلیں برآمد کر لیں ، ملزمان رکشے میں شراب کی بوتلیں سپلائی کر رہے تھے۔
عوامی کالونی میں پولیس نے کارروائی کرکے دو اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا،جبکہ کھوکھرا پار میں پولیس نے کارروائی کر کے موٹر سائیکل لفٹنگ کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔
زمان ٹاؤن میں بھی پولیس کی کارروائی میں 2 ملزمان گرفتار کیے، پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان گٹکا اور منشیات فروشی میں ملوث ہیں، جبکہ منظور کالونی میں پولیس اور رینجرز نے سرچ آپریشن کیا آپریشن میں گھر گھر تلاشی کے بعد 16 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
شاہ لطیف سیکٹر 19 بی میں گھر کی چھت پر اندھی گولی لگنے سے بچہ زخمی ہوگیا ، زخمی بچے کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے بچے کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔