• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں بے گھر افراد کی بڑی تعداد سوالیہ نشان ہے، جیرمی کوربن، سلاؤ میں مفت کھانا تقسیم کرنےکی تقریب

سلاؤ (اورنگزیب چوہدری) سلاو ہائی سٹریٹ میں بے گھر افراد کیلئے نشکم سوٹ nishkam swatتنظیم نے مفت کھانے پینے فروٹ سمیت دیگر اشیا تقسیم کیں۔ بے گھر افراد وہ لوگ جن کوغربت تنہائی یا کسی بیماری کی وجہ سے کھانا دستیاب نہیں ہوتا ایسے افراد کی مدد کیلئے سلاو ہائی سٹریٹ میں مفت کھا نا تقسیم کیا گیا۔ برطانوی اپوزیشن لیڈر لیبر پارٹی کے سربراہ جیرمی نے خود اپنے ہاتھوں سے بے گھر افراد میں کھانا تقسیم کیا۔ جیرمی کوربن کا سلاو آمد پر مقامی ممبر آف پارلیمنٹ تنمنجیت سنگھ دیسی سمیت پارٹی کے کارکنوں نے استقبال کیا۔ اس موقع پر برطانوی اپوزیشن لیڈر جیرمی کوربن نے جنگ جیو سے خصوصی بات چیت کرتے ہو ئے کہا کہ برطانیہ دنیا کی بڑی پانچویں اکانومی ہے ایسے ملک میں بے گھر افراد کا بڑی تعداد میں ہونا ہمارے لیے سوالیہ نشان ہے۔ بے گھر غریب بیمار افراد کی مدد کرنا ہم سب لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ برطانوی حکومت نے عام لوگوں کے مسائل میں بے پناہ اضافہ کیا ہے۔ یونیورسل کریڈٹ میں تاخیر سمیت ہاوسنگ بحران کی وجہ سے عام آدمی کی زندگی میں مشکلات بڑھی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپوزیشن لیڈر اور لیبر پارٹی کے سربراہ کی حیثیت سے پارلیمنٹ میں عام آدمی کی آواز بنیں گے۔ انہیں حالیہ دور میں بہت سے بے گھر افراد نے بتایا ہے کہ ان کو ہفتے کے اکیس پونڈ ملتے ہیں جس سے وہ اپنے کھانے کا اہتمام کا بندوبست نہیں کر سکتے۔ لوگوں کو یونیورسل کریڈٹ میں تاخیر کی وجہ سے بھی بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پر رہا ہے۔ انہوں نے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کچھ علم نہیں کہ وہ کیا کر رہے ہیں اور کیا کرنا چاہتے ہیں۔ بریگزٹ کے بعد جہاں وہ یورپ سے بات چیت کر رہے ہیں وہاں وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی رابطے میں ہیں۔ لیبر پارٹی ملکی مفادات میں پارلیمنٹ اور باہر ہر جگہ ملکی مفاد میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ بعد ازاں جیرمی کوربن نے سیکڑوں بے گھر افراد میں کھانا تقسم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی مسائل پر بھی ان سے بات چیت کی۔ تنظم نشکم سوٹ کی جانب سے بے گھر افراد میں کھانا تقسم کرنے کے ساتھ ساتھ طبعی سہولیات کی فراہمی کیلئے ایمبولنس میں بنیادی طبعی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ اس موقع پر مقامی ممبر آف پارلیمنٹ تنمنجیت سنگھ دیسی نے جنگ جیو سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بے گھر افراد میں کھانا تقسم کرنا ایک اچھا اور مثبت تعمیری کام ہے۔ جیرمی کوربن نے بے گھر افراد کے ساتھ وقت گزار کر ان کی حوصلہ افزائی کی ہے انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی سلاو میں مقیم سیکڑوں افراد کو فوڈ بینک ور فلاحی تنظیموں کی مدد سے کھانا ملتا ہے۔ اس موقع پر آزاد کشمیرکے سابق وزیر محمود ریاض نے کہا بے گھر افراد کی مدد کیلئے ہم سب کو مل کر بلا تفریق مل کر کام کرنا ہو گا۔ معاشرے میں فلاحی تنظیموں کا کردار مثالی ہے۔

تازہ ترین