• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ جنوبی افریقا نے پاکستان کا مجوزہ دورہ موخر کردیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جنوبی افریقا نے پاکستان سپر لیگ کے بعد مجوزہ دورئہ پاکستان کے موخر کردیا ہے۔ جنوبی افریقا کرکٹ حکام کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے ورک لوڈ کا جائزہ لینے کے بعد ہم نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کو آگاہ کردیا ہے۔ دونوں بورڈز نے شیڈول از سر نو ترتیب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کرکٹ ساؤتھ افریقا نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کیا ہے کہ وہ آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ نہیں کرسکیں گے تاہم انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ٹیم جلد از جلد پاکستان بھیجنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔اس فیصلے پر کرکٹ حلقوں کا کہنا ہے کہ بھارت کے دورے اور کھلاڑیوں کی آئی پی ایل میں شرکت کے باعث پاکستان کا دورہ ترک کیا۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہم آئندہ ماہ جنوبی افریقا کرکٹ ٹیم کی میزبانی کے خواہاں تھے مگر کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ دونوں بورڈز سیریز کی نئی تاریخوں کو حتمی شکل دینے کے لیے ایف ٹی پی میں خالی ونڈو تلاش کررہے ہیں۔ سیریز نہ ہونے کی وجہ سیکیورٹی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کی پہلے سے کمٹمنٹس ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا نے بھارت میں اپنی سیریز کا اختتام 18مارچ کو کرنا ہے، اس کے بعد کھلاڑیوں کو بھارتی لیگ میں بھی شرکت کرنا ہے جس کے باعث پاکستان کے ساتھ سیریز منسوخ کر دی گئی۔

تازہ ترین