• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہناز انصاری کا ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی کو لکھا گیا خط سامنے آگیا


ضلع نوشہرو فیروز میں مسلح افراد کی فائرنگ سے مرنے والی خاتون رکن صوبائی اسمبلی شہناز انصاری کا ضلع نوشہرو فیروز کے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی کو لکھا گیا خط سامنے آ گیا۔

مقتولہ شہناز انصاری کا اپنے خط میں کہنا تھا کہ ان کے بہنوئی کے انتقال کے بعد سے اس کا بھائی اور بھتیجا ہمیں دھمکیاں دے رہے ہیں۔

شہنازانصاری نے اپنے خط میں لکھا تھا کہ بہنوئی نے انتقال سے پہلے تمام جائیداد اپنی بیوی اور بچوں کے نام کی تھی۔

اپنے خط میں انہوں نے لکھا تھا کہ مجھے اور میری بہن کی زندگی کو خطرہ ہے۔

واضح رہے کہ نوشہرو فیروز میں دریا خان مری کے قریب رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کو مسلح افراد نے فائرنگ  کر کے قتل کردیا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری مسلح افراد کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگئی تھیں، جنہیں پیپلز میڈیکل اسپتال نوابشاہ منتقل کیا گیا تھا۔

ڈاکٹر امان اللّٰہ کا کہنا تھا کہ فائرنگ کی زخمی رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری پیپلز میڈیکل اسپتال نوابشاہ میں دوران علاج دم توڑ گئیں تھیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایم پی اے شہناز انصاری پر قاتلانہ حملے کا نوٹس لے لیا۔

 دوسری طرف چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہناز انصاری کے قتل کی خبرسن کر صدمے میں ہوں۔

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کے قتل کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری ایک بہترین سیاسی کارکن اور پارٹی کا اثاثہ تھیں۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ شہناز انصاری کے قتل کی فوری تحقیقات کی جائیں اور ان کے قاتلوں کو فی الفور کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

تازہ ترین