سال 2025 پاکستانی سینما کے لیے ایک تاریخی موڑ ثابت ہوا، جب مقامی فلموں نے ریکارڈ توڑ باکس آفس کامیابیاں حاصل کیں اور اربوں روپے کی کمائی کے سنگ میل عبور کیے۔
رومانوی بلاک بسٹرز سے لے کر منفرد ہارر فلموں تک، لالی ووڈ نے واضح طور پر ایک ایسے دور میں قدم رکھا جہاں وہ صرف مقامی نہیں بلکہ عالمی سطح پر ابھرتی ہوئی صنعت کے طور پر سامنے آیا۔
سال کی سب سے بڑی کامیاب فلم لوو گرو رہی، جس نے عالمی باکس آفس پر 8.2 ارب روپے کی کمائی کی، فلم نے ریلیز کے پہلے ہی ہفتے میں مشہور فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کا ریکارڈ بھی پیچھے چھوڑ دیا اور پاکستانی سنیما کے لیے ایک نیا معیار قائم کیا۔
ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کی مقبول جوڑی پر مبنی اس رومانوی کامیڈی نے 8.1/10 کی شاندار ریٹنگ حاصل کی، اعلیٰ پروڈکشن ویلیوز اور ہر عمر کے ناظرین کو متاثر کرنے والی کہانی نے روم کوم جینر کو ایک بار پھر زندہ کر دیا۔
سینما میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے دیمک پاکستان کی پہلی ہارر فلم بن گئی جس نے عالمی باکس آفس سمیت مجموعی طور پر 2.1 ارب روپے سے زائد کمائی کی، فلم کو نفسیاتی گہرائی اور خاندانی بکھراؤ جیسے موضوعات پر توجہ دینے پر سراہا گیا، جبکہ روایتی خوفناک مناظر سے ہٹ کر پیشکش نے اسے منفرد بنایا، فلم نے 7.5/10 کی ریٹنگ حاصل کی اور امریکا و برطانیہ میں کامیاب ریلیز کے ذریعے پاکستانی فلموں کی عالمی مقبولیت میں اضافہ کیا۔
فواد خان اور ماہرہ خان کی طویل انتظار کے بعد واپسی نے نیلوفر کو باکس آفس پر مضبوط کامیابی دلائی۔ فلم نے پہلے ہی ہفتے میں مجموعی طور پر 1.5 ارب روپے کمائے اور 7.9/10 کی ریٹنگ حاصل کی، کراچی اور لاہور کے شہری ناظرین میں فلم کی سلو برن کہانی کو خاص طور پر پسند کیا گیا۔
ویلکم ٹو پنجاب نے مقامی سطح پر اگرچہ محدود کامیابی حاصل کی اور صرف 15 کروڑ روپے کما سکی، تاہم بین الاقوامی سطح پر فلم نے نمایاں مقام بنایا، فلم نے باکو فلم فیسٹیول میں بیسٹ آڈیئنس ایوارڈ جیت کر پاکستان کی ثقافتی شناخت کو عالمی سطح پر اجاگر کیا، لوک کہانیوں اور روایات پر مبنی اس فلم کو مقامی طور پر 7.0/10 کی ریٹنگ ملی۔
عید کے موقع پر ریلیز ہونے والی کچھ فلمیں توقعات پر پورا نہ اتر سکیں، دی مارشل آرٹسٹ اور قلفی باکس آفس پر کمزور ثابت ہوئیں، جنہوں نے بالترتیب 4.5 کروڑ اور 3 کروڑ روپے کمائے، اگرچہ دی مارشل آرٹسٹ کو ایکشن مناظر پر سراہا گیا، مگر قلفی کمزور کہانی کے باعث 4.5/10 ریٹنگ کے ساتھ ناکام رہی۔