• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پناہ گاہ ریاست مدینہ کی فلاحی سوچ کی عکاس ہے،فردوس اعوان

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پناہ گاہیں ریاست مدینہ کی فلاحی سوچ کی عکاس ہیں۔

اسلام آباد میں پناہ گاہ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں فردوس اعوان نے کہا کہ جو لوگ پناہ گاہوں کا مزاق اڑا رہے ہیں، انہیں غریب کے دکھ کا احساس نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ لندن میں پرآسائش ہوٹل میں کھانا تناول کرنے والوں یا سونے کاچمچہ لے کر پیدا ہونے والوں کو غریب کا احساس نہیں ہوسکتا۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے مزید کہا کہ ایسے لوگ بیرون ملک عیاشیاں کررہے ہیں، ماضی کے ان ہی حکمرانوں کے معاہدوں کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں کی گئی منی لانڈرنگ اور کرپشن مہنگائی کے اسباب ہیں، آج سے پہلے کسی حکومت نے فٹ پاتھ اور پارکوں میں سونے والوں کا احساس نہیں کیا۔

فردوس اعوان نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان مسیحا کا کردار ادا کر رہے ہیں، اس پناہ گاہ سے 300 سے زائد افراد مستفید ہوں گے، پناہ گاہیں ریاست مدینہ کی فلاحی سوچ کی عکاس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کے عوام کو صحت سہولت کارڈ کی فراہمی جاری ہے، وزیراعظم عوامی ریلیف کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کےلیے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ڈاکو بن کر قوم کو لوٹنے والوں کا چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے، کرپشن کا پیسہ ٹی ٹیز کے ذریعے بیرون ملک منتقل کیا گیا، لیگی ترجمانوں کے پاس اپنے دفاع میں کہنے کیلئے کچھ نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ سول سروس ایکٹ میں بھی سزا اور جزا کا نظام لائیں گےاور کارکردگی کی بنیاد پر مزید ترقی دی جائے گی۔

فردوس اعوان نے رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کے قتل سے تبصرہ کرتےہوئے کہا کہ یہ سندھ حکومت لمحہ فکر ہے، سندھ پولیس مخصوص خاندانوں کی سکیورٹی پر مامور ہے۔

تازہ ترین