پیپلز پارٹی کی مقتول ایم پی اے شہناز انصاری کی نمازجنازہ نوشہرو فیروز میں ادا کردی گئی جس کے بعد انہیں اسماعیل شاہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
واضح رہے کہ پی پی کی رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری گزشتہ روز دریا خان مری کے گاؤں مراد کھوکھر میں قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئی تھیں، انہیں 3 گولیاں لگیں۔
پولیس کے مطابق شہناز انصاری اپنے بہنوئی زاہد کھوکھر کے 40ویں کے سلسلے میں گاؤں دل مراد کھوکھر گئیں تھیں کہ خواتین کی فاتحہ خوانی کے حصہ میں موجود مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہناز انصاری کے بہنوئی ڈاکٹر زاہد کھوکھر کا اپنے بھائیوں کیساتھ ملکیت کا تنازع تھا جس کی وجہ سے ان کے بھائیوں نے ایم پی اے شہناز انصاری کو گاؤں دل مراد کھوکھر آنے سے منع کر رکھا تھا۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہناز انصاری کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔