• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس سے جیمز بانڈ کی نئی فلم بھی متاثر

کورونا وائرس نے جہاں دنیا بھر میں انسانوں کے ساتھ دیگر صنعتوں کو نقصان پہنچایا ہے وہیں اس کی وجہ سے اب ہالی ووڈ فلم انڈسٹری بھی متاثر ہونا شروع ہوگئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جیمز بانڈ سیریز کی نئی فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کی چین میں تشہیر ہونی تھی جس کے لیے فلم کی کاسٹ اور ٹیم کا اپریل میں دورہ شیڈول تھا۔

اسٹار اداکار ڈینیئل کریگ بھی کاسٹ اور ٹیم کے ہمراہ چین کا دورہ کرنے والے تھے۔

تاہم چین میں پھیلنے والے کورونا وائرس کی وجہ سے اب اسٹارز کی اس ٹیم نے اپنا دورہ منسوخ کر دیا جبکہ اس حوالے سے نئی تاریخوں کا اعلان بھی نہیں کیا گیا۔

چین میں اس جان لیوا وائرس کی وجہ سے 1600 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ چین سمیت پوری دنیا میں 40 ہزار سے زائد افراد متاثر بھی ہیں۔

مہلک وائرس کے خطرات کو دیکھتے ہوئے چین میں تقریباً 70 ہزار سنیما بند کر دیے گئے ہیں۔

فلم ساز کمپنی یونیورسل پکچرز کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے کیونکہ چین بطور فلمی صنعت اس کے لیے بہت بڑی منڈی ہے کیونکہ صرف گزشتہ سال امریکی فلم انڈسٹری کو اس سے 6 ارب پاؤنڈز (تقریباً 12 کھرب پاکستانی روپے) سے زائد کا فائدہ ہوا تھا۔

جیمز بانڈ سیریز کی 2015 میں ریلیز ہونے والی فلم اسپیکٹر، جس میں ڈینیئل کریگ نے ہی مرکزی کردار ادا کیا تھا، نے صرف چین میں ہی 6 کروڑ پاؤنڈز (12 ارب پاکستانی روپے) کمائے تھے۔

تازہ ترین