میرپورخاص(نامہ نگار، این این آئی) پاک سرزمین پارٹی کے رہنما سیدمصطفی کمال نے کہا ہے کہ الطاف حسین کے پاس ایک ہی راستہ رہ گیا ہےکہ وہ اپنی غلطیوں سے توبہ کریں اور اللہ سے رجوع کریں تواس دنیا میں نہیں تو شاہد مرنے کے بعد اللہ تعالیٰ اسکی زندگی آسان کردے ، رات کو نشہ میں دھت ہوکرفوج کے جنرلوں، سیاستدانوں اور صحافیوں کو گالیاں دینا اور صبح معافی مانگنا اس کا وطیرہ رہا ہے اور اس نے لوگوں کو را کا ایجنٹ اور ٹارگٹ کلر ہی بنایا ہے،ہماری آٹھ دن کی پارٹی سے خوفزدہ الطاف حسین نے ہماری ریلی پر حملہ کروایا، عوام کو چاہئے کہ الطاف حسین کو زیادہ اہمیت نہ دیں ،ہماری پارٹی کا قائد محمد علی جناح ہے اور جوبھی پاکستان کے پرچم تلے آگیا وہ سب ہمارے بھائی ہیں۔ وہ جمعہ کومیرپورخاص کے پارٹی آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر انیس قائم خانی، انیس احمد خان ایڈوکیٹ ،ڈاکٹر صغیراحمد اور وسیم آفتاب بھی انکے ہمراہ موجودتھے۔ انیس احمد ایڈوکیٹ نے گزشتہ روز ہونے والے حملے پر کہا ہے کہ ہم نے تحفہ قبول کرلیا ہے اب ہمارا تحفہ بھی قبول کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈان کو چیلنج کیا ہے ۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ الطاف حسین نے ہزاروں معصوم اور بے گناہ افراد کو مارنے کے بعد کیا حاصل کرلیا،تعلیم یافتہ نوجوانوں کو جاہل اور دہشت گرد بنا دیا، ملک کے بانیوں اور وفاداروں کو راکا ایجنٹ بنادیا، ظالم اورجابر نے دونسلیں تباہ کردیں ، عوام اس ظالم اور جابر کی کی باتوں میں مزید نہ آئیں،انشااللہ 24 اپریل کو کراچی میں ہونے والے ہمارےجلسہ سے الطاف حسین کی 30سالہ گندگی اور نفرت کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہوجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کیڑے مکوڑے کہنے والے الطاف حسین کو اللہ سے معافی مانگنی چاہیے کہ آخرت کی زندگی میں ان کیلئے آسانی ہو ،دنیا میں تو رسوائی ان کا مقدر بن چکی ہے انہوں نے کہا کہ پہلے کہا جاتا تھا کہ رات دس کے بعد انکی گفتگو کو سنجیدہ نہیں لینا چاہئے لیکن اب تو انکے کسی دوست نے ایک کولر فراہم کردیا ہے جس میں ہرلمحے پینے کا سامان مہیا ہوتا ہے اورانہیں بار بار پیک بنانے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ انہوں نے کہا کہ جنکے بھائی اور بچے غائب ہیں انکی مائیں بہنیں ہم سے رابطہ کر رہی ہیں،اللہ نے ہمیں پذیرائی بخشی ہے۔