• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ترقی کے معیار بدلے گئے، سول سروسز میں اصلاحات نصف صدی سے مروجہ فرسودہ نظام میں تبدیلی اور پاکستان کے نئے روشن مستقبل کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوں گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اب نا اہلی کی حوصلہ شکنی اور اہلیت کی حوصلہ افزائی ہوگی، افراد کی خوشنودی یا کسی سیاسی خاندان کی خدمت گزاری ترقی کا معیار نہیں بنے گی۔

انہوں نے کہا کہ ترقی کا معیار اب محنت، صلاحیت، عوامی خدمت اور عوام کے مسائل کے حل سے جوڑ دیا گیا ہے، افسران کی ترقی اب ان کی کارکردگی اور عوامی ریلیف سے منسلک ہے۔

معاون خصوصی نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان عوام کے ریلیف کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کر رہے ہیں، افسران کو اب کارکردگی کی بناء پر ترقی ملے گی۔

فردوس عاشق نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کے منشور کے تحت سول سروسز میں اصلاحات لانےکا وعدہ پورا کر دیا ہے۔

افسر شاہی کے اندر جزا اور سزا کا نظام لانے کا قوم سے کیا ہوا عہد پایہ تکمیل تک پہنچا ہے، اب جو پرفارم کر ے گا اس کو میرٹ کے تحت پروموٹ کریں گے اور مکمل سپورٹ دیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پروموشن میں جانے سے پہلے ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، 20سال سروس کا ایک بنچ مارک بنایا گیا ہے، اس عرصہ کے بعد سرکاری ملازم کی کارکردگی کا جائزہ لیاجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مستعد سول سرونٹس ترقی پا سکیں گے، سول سرونٹس ایکٹ 1973ءکے سیکشن 13کے تحت یہ تبدیلیاں کی گئیں ہیں۔

تازہ ترین