• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل میں بولنگ کا معیار بہت اچھا ہے، کولن انگرام

پی ایس ایل میں بولنگ کا معیار بہت اچھا ہے، کولن انگرام


اسلام آباد یونائٹیڈ کے جنوبی افریقی کرکٹر کولن انگرم نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں بولنگ کا معیار بہت اچھا ہے، اچانک کوئی بولر سامنے آتا ہے اور چھاجاتا ہے۔

کراچی میں جیو نیوز سے گفتگو میں کولن انگرم نے کہا کہ اس بار وہ نئی فرنچائز کے ساتھ ہیں، لیکن پرفارمنس وہی ہوگی جو ہمیشہ رہی ہے۔

پی ایس ایل میں دو مرتبہ کی فاتح اسلام آباد یونائٹیڈ کے کولن انگرم نے کہا کہ پچھلے سال 127 رنز کی اننگز کھیلی تھی جو اب بھی یادگار ہے، امید ہے ایک بار پھر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ ہوگا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے 2016 اور 2018 میں پی ایس ایل ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو میں اسلام آباد یونائیٹڈ اپنے 5 میچز راولپنڈی، 3 لاہور اور 2 کراچی میں کھیلے گی۔

20 فروری سے 22 مارچ تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ کے تمام 34 میچز ملک بھر کے 4 مختلف اسٹیڈیمز پر کھیلے جائیں گے۔

پی ایس ایل 2020 کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا فائنل 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔

ایونٹ کا واحد کوالیفائر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ایلیمنٹرز اور فائنل کی میزبانی قذافی اسٹیڈیم لاہور کے سپرد کی گئی ہے۔

34 میچوں پر مشتمل ایونٹ کے 14 میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور، 9 نیشنل اسٹیڈیم کراچی، 8 پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی اور 3 ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

تازہ ترین