• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مدارس قرآنی تعلیمات کو دنیا بھر میں عام کررہے ہیں، قاری حنیف جالندھری

کراچی (پ ر )کورنگی سو کوارٹرز ، جامع مسجد نورانی میں مولانا غلام رسول کی زیرنگرانی ’’عظمت قرآن کانفرنس ‘‘کا انعقاد کیا گیا ملک وبیرون ممالک کے مندوبین نے شرکت کی، وفاق المدارس کے جنرل سیکرٹری قاری محمد حنیف جالندھری، جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم، مولانا تصور الحق مدنی، (برمنگھم انگلینڈ ) مولانا ناصر موسیٰ (ساوتھ افریقہ مولانا شاہ عبدالعزیز سمیت دیگر علماء کرام نے خطاب کیا۔ اس موقع پر مولانا قاری محمد حنیف جالندھری کہا کہ قرآن مجید پڑھنے اور پڑھانے والے دونوں عظیم لوگ ہیں، قرآن اللہ کا کلام عظمت والا ہے، اس سے جو بھی جڑ جائے وہ عظمت والا بن جاتاہے ، معاشی بدحالی میں بھی مدارس بڑھ چڑھ کر قرآنی تعلیمات کو دنیا بھر میں عام کررہے ہیں،پاکستان میں صرف وفاق المدارس نے اسی ہزارحفاظ تیار کیے ہیں یہ ہے قرآن کی عظمت ،اور اس امت کی عظمت بھی قرآن سے جڑے رہنے میں ہے۔ مفتی محمد نعیم نے کہاکہ دنیاو آخرت کی کامیابی ،فلاح اور بخشش کا راستہ قرآنی تعلیمات وقرآنی ہدایات پر عمل کرنے اور قرآن کی ترویج وآگہی میں مضمر ہے ،مدارس دینیہ تعلیمی ادارے ہیں ، مدارس معاشرے میں قرآنی تعلیمات کو عام کرنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ مولانا غلام رسول نے کہا کہ آج معاشرے کی تباہی و تنزلی کا سبب دین سے دوری ، مادہ پرستی ، حقوق العباد کی پامالی ہے جس کیلئے والدین ، اساتذہ علماء اور مفتیان پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بچوں اور معاشرے میں بسنے والوں کی بہتری کیلئے دین اسلام کے مطابق تعلیم وتربیت کا اہتمام و پیغام کو عام کریں۔

تازہ ترین