کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں فروخت کا دباؤ، منگل کوایک بار پھر مندی رہی ،کے ایس ای100انڈیکس میں 102پوائنٹس کی کمی، سرمایہ کاری مالیت بھی 52ارب80کروڑ28لاکھ وپے گھٹ گئی ،57.48 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اورکاروباری حجم بھی مایوس کن رہا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی جانب سے محتاط طرز عمل اپنا یا گیا،اگرچہ ٹریڈنگ کے ابتدائی اوقات میں منافع بخش کمپنیوں کے حصص کی خریداری کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس40600پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا تاہم بعد ازاں سرمایہ کاروں کی جانب سے فروخت کا دباؤ بڑھ گیا جس سے مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی اور مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای 100انڈیکس101.58پوائنٹس کی کمی سے 40175.35پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس9.03پوائنٹس کی کمی سے 18595.01پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس195.58پوائنٹس کی کمی سے 27807.11 پوائنٹس پر بند ہوا۔گزشتہ روز مجموعی طور پر334کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے119کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 192میں کمی اور23میں استحکام رہا ۔بیشتر کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں گرنے کے باعث مارکیٹ کے سرمائے میں52ارب80کروڑ28لاکھ وپے کی کمی ہوئی جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ گھٹ کر75کھرب 7ارب23کروڑ83لاکھ روپے ہوگیا۔منگل کوکاروباری حجم بھی صرف9کروڑ16لاکھ43ہزار شیئرز کی لین دین تک محدود رہا۔ قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے لحاظ سے انڈس ڈائنگ کے حصص کی قیمت43.94روپے کے اضافے سے بڑھ کر719.94روپے اورسروس انڈسٹریز کے حصص 27.46روپے کے اضافے سے 998.13روپے ہوگئے۔جب کہ پاک ٹوبیکو اور کولگیٹ پامولوکے حصص کی قیمتوں میں باترتیب138.71روپے اور110روپے کی کمی ہوئی جس سے پاک ٹوبیکو کے حصص کی قیمت1995.29روپے اور کولگیٹ پامولوکے حصص کی قیمت2040روپے ہوگئی ۔نمایاں کاروباری سرگرمیوں کے لحاظ سے،یونٹی فوڈز،حبیب بینک،پی ایس او،لوٹی کیمکل ،ڈی جی خان سیمنٹ،سمٹ بینک ،کوٹ ادو پاور،کے الیکٹرک ، بینک آف پنجاب اورہیسکول پٹرول کے شیئرز نمایاں رہے۔