• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کا پہلی مرتبہ مکمل طور پر پاکستان میں انعقاد کیا جارہا ہے جس کے لیے کھلاڑیوں سے لے کر شائقین تک سب ہی پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔

ایونٹ میں گزشتہ سال کی طرح 6 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں اور ان ٹیموںکے ٹاکرے ملک کے 4 بڑے شہروں میں ہوں گے جن میں کراچی اور لاہور کے علاوہ راولپنڈی اور ملتان بھی شامل ہیں۔

شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد پی ایس ایل 5 کے میچز اسٹیڈیم جا کر دیکھنے کے خواہش مند ہیں، تاہم اسٹیڈیم جانے سے قبل انہیں چند ضروری باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے۔

پی ایس ایل 5 کے ٹکٹوں کا حصول

اسٹیڈیم جا کر میچ دیکھنے کے خواہشمند افراد کے لیے پی ایس ایل کے ٹکٹوں کی فروخت 28 جنوری سے نجی کورئیر کمپنی ٹی سی ایس کے مراکز کے ذریعے شروع ہو گئی ہے۔

ٹکٹوں کے لیے وی آئی پی، پریمیئم، فرسٹ کلاس اور جنرل کیٹیگریز بنائی گئی ہیں۔ سب سے مہنگا ٹکٹ افتتاحی میچ کا ہے جس میں وی آئی پی کیٹیگری کا ٹکٹ 6 ہزار، پریمیئم کا 4 ہزار، فرسٹ کلاس ڈھائی ہزار اور جنرل کیٹیگری کا ٹکٹ ایک ہزار روپے کا ٹکٹ ہے۔

لاہور میں منعقدہ فائنل میچ کے لیے ٹکٹوں کی قیمتیں 100 سے 5 ہزار کے درمیان ہیں جبکہ دیگر میچوں کے لیے 250 روپے سے چار ہزار کے درمیان ہیں۔

دوسری جانب ایونٹ کے میچ دیکھنے کے لیے آن لائن ٹکٹوں کی بکنگ بھی 20 جنوری سے شروع ہو چکی ہے۔

پی ایس ایل 5 کے میچزکا شیڈول

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں کل 34 میچ کھیلے جائیں گے جن میں 26 میچ ڈے نائٹ ہونگے جو شام 7 بجے شروع ہوں گے جبکہ 8 میچ ڈے ہوں گے جو دن 2 بجے شروع ہوں گے۔

پی ایس ایل فائیو میں سب سے زیادہ میچ لاہور میں کھیلے جائیں گے ، دو الیمنیٹر میچ 18 اور 20 مارچ کے علاوہ 22 مارچ کو کھیلے جانے والے فائنل سمیت کل 14 میچز یہاں کھیلے جائیں گے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 9 میچ کھیلے جائیں گے جن میں ایک کوالیفائر میچ بھی شامل ہے جو 17 مارچ کو ہو گا، ٹورنامنٹ میں 8 میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم جبکہ 3 میچ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گےـ۔

ایونٹ کا افتتاحی میچ 20 فروری کو شام 7 بجے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جس میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ آمنے سامنے ہونگے۔

دوسرا میچ 21 فروری کو کراچی میں ہی ہوم ٹیم کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان 21 فروری کو دن 2 بجے شروع ہوگا، جبکہ اسی دن ایونٹ کا تیسرا میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا جس میں لاہور کی ہوم ٹیم لاہور قلندر اور ملتان سلطان آمنے سامنے ہوں گی۔

پی ایس ایل ملتان کے گراؤنڈ زمیں اپنے رنگ ایونٹ کے آٹھویں میچ سےدکھائے گا جس میں شام 7بجے ہوم ٹیم ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

جڑواں شہروں میں پی ایس ایل کی آمد 27 فروری کو ہوگی جس میں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ٹاکرا ہوگا۔

پی ایس ایل 5 میں کھیلنے والی ٹیمیں اور ان کے کپتان

پی ایس ایل 5 میں کھیلنے والی 6 ٹیموں کے کھلاڑیوں کے ناموں اور کپتانوں کا اعلان پہلے ہی کیا جاچکا ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی بلے باز سرفراز احمد کو سونپی گئی ہے، اسلام آباد یونائٹڈ کی قیادت 21 برس کے آل راؤنڈر شاداب خان کررہے ہیں، ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود ہیں، پشاور زلمی کے قائد ڈیرن سیمی ہیں اور کراچی کنگز کےکپتان عماد وسیم اور لاہور قلندرز کے قائد سہیل اختر ہیں۔

پاکستان سپر لیگ 5 میں اس بار ایک اور خاص بات بڑی تعداد میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کی شمولیت ہے، جس کے باعث اس بار پی ایس ایل ٹورنامنٹ میں شائقین کرکٹ بین الاقوامی کھلاڑیوں کو پاکستانی کرکٹ گراونڈز میں ہونے والے تمام میچوں میں کھیلتا دیکھ سکیں گے۔

ایونٹ میں شریک غیر ملکی کھلاڑی

پی ایس ایل کی چھ مختلف ٹیموں میں کھیلنے والے نمایاں بین الاقوامی کھلاڑیوں میں کرس لِن، شین واٹسن، ڈیل سٹین، روی بوپارہ، کیمرون ڈیلپورٹ، بین کٹنگ، بین ڈنک، جیمز ونس، پولارڈ، ایلیکس ہیلز، کرس جورڈن، کیمو پال، جیسن رائے، شین واٹسن، کیرون پولارڈ ، ڈیرن سیمی، ہاشم آملہ، عمران طاہراور لائم ڈاسن شامل ہیں۔

پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ

پاکستان سپر لیگ فائیو کے آفیشل ترانے میں کل 22 سازوں کا استعمال کیا گیا ہے جبکہ اس میں بیک وقت راک، فوک اور پاپ سنگرز کی آوازیں شامل ہیں۔

اس ترانے میں معروف راک گلوکار علی عظمت، فوک گلوکار عارف لوہار، 'آواز بینڈ سے شہرت پانے والے ہارون رشید اور مشہور پاپ گلوکار عاصم اظہر نے آواز کا جادو جگایا ہے۔

تازہ ترین