کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ٹاکرا ہونے میں صرف ایک دن باقی رہ گیا ہے، گلیڈی ایٹرز اعزاز کا دفاع کرنے کے لیے تیار جبکہ یونائیٹڈ کے کھلاڑی تیسری مرتبہ ٹرافی اٹھانے کے لیے بے تاب ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ان کے ذہن میں یہ نہیں ہے کہ کسی کو چیلنج کروں، ہم دفاعی چیمپئن ہیں، جس کی وجہ سے پر یشر بھی ہے، مگر اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے جبکہ جو بین الاقوامی کھلاڑی پاکستان آرہے ہیں، ماحول دیکھ کر ان کا تاثر بھی بدل رہا ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل فائیو کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتانوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
سرفراز احمد نے کہا کہ ہماری ٹیم اچھی ہے مگر جیسا کھیلتے آرہے ہیں ویسا ہی کھیلیں گے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے قائد نے کہا کہ شاداب کو کپتانی کی مبارکباد دیتا ہوں یہ مستقبل میں پاکستان کی قیادت بھی کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرا ٹارگٹ ہے کہ پی ایس ایل میں اچھا کھیلوں، نسیم شاہ ابھی ری ہیب پراسس سے گزر رہا ہے، جبکہ ٹیم میں کوالٹی پلیئرز کی موجود گی میں اچھا کمبی نیشن بنائیں گے۔
اس موقع پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ تیسری مرتبہ بھی ٹرافی اٹھائیں۔
شاداب خان نے کہا کہ سرفراز سابق کپتان ہیں، گراؤنڈ سے باہر پکے دوست ہیں لیکن میدان میں تو مقابلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم متوازن ہے، ہر کھلاڑی اچھا کردار ادا کرسکتا ہے۔
شاداب خان نے کہا کہ ٹیم میں سینئر کرکٹرز کے ساتھ کھیل چکا ہوں، کپتانی میں مشکل نہیں ہوگی، جبکہ ڈیل اسٹین ابتدائی تین میچز کے بعد ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔
کپتان اسلام آباد یونائیٹڈ نے کہا کہ سیفی بھائی نے ہمیشہ اعتماد دیا ان کو مِس ضرور کرتا ہوں۔
پی ایس ایل فائیو کا معرکہ شروع ہونے سے پہلے تمام ٹیموں نے بھرپور تیاری بھی کی کل پہلا جوڑ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد کے درمیان پڑے گا۔