• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرٹ کیخلاف سیاسی و سفارشی بنیادوں پر نوابشاہ تعلیمی بورڈ میں چیئرمین مقرر

کراچی(سید محمد عسکری) سندھ میں تعلیمی بورڈز کے چیئرمین حضرات کی تقرری کا معاملہ عدالت میں ہونے کے باوجود میرٹ کے بر خلاف نا صرف سیاسی اور سفارشی بنیادوں پر نوابشاہ (شہید بے نظیر آباد) تعلیمی بورڈ میں اسکرنڈ یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر فاروق حسن کو چیئرمین مقرر کردیا ہے بلکہ محکمہ بورڈز و جامعات کی زیر نگرانی تعلیمی بورڈز کے چیئرمین کے عہدوں کیلئے موصول 140درخواستوں کی جانچ کر کے 36 امیدواروں کو انٹرویو کے لئے بھی فائنل کرلیا گیا ہے مگر دوسری طرف ایڈیشنل ڈائریکٹر کالجز لاڑکانہ ریجن ڈاکٹر کرم حسین جو چیئرمین لاڑکانہ بورڈ کے عہدے کے امیدوار تھے ان کی درخواست پر غور کرنے سے معذوری ظاہر کردی ہے محکمہ بورڈز و جامعات کے سیکشن افسر یاسر سولنگی نے ڈاکٹر کرم حسین کو خط لکھا ہے کہ چیئرمین حضرات کی تقرری کا معاملہ عدالت میں ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر کالجز لاڑکانہ ریجن ڈاکٹر کرم حسین نے جو خط لکھا ہے اس میں انھوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ چیئرمین بورڈ کے لئے جو اشتہار دیا گیا تھا اس میں عمر کی کم سے کم حد مقرر کر کے 50 سال کردی گئی ہے اور پی ایچ ڈی کی ترجیح ختم کردی گئی ہے جبکہ اس سے قبل اشتہار میں کم سے کم عمر کی کوئی حد نہیں تھی اور پی ایچ ڈی کو ترجیح دینے کی بات کی گئی تھی جبکہ عمر کی حد 62 سال مقرر کی گئی تھی۔ خط میں کہا گیا ہے کہ وہ پی ایچ ڈی ہیں تاہم ابھی ان کی عمر 50سال نہیں ہوئی ہے چنانچہ انکی درخواست کو قابل قبول سمجھا جائے۔ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر کالجز لاڑکانہ ریجن ڈاکٹر کرم حسین نے کہا کہ میری درخواست کو یہ کہہ کر رد کرنا کہ معاملہ عدالت میں ہے دوسرے طرف نوابشاہ میں چیئرمین لگانا اور امیدواروں کی اسکروٹنی کرنا اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ محکمہ بورڈز و جامعات میرٹ نہیں چاہتا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے بورڈز و جامعات نثار کھوڑو کے ترجمان شکیل میمن نے بتایا کہ نوابشاہ بورڈ میں اسکرنڈ یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر کی بطور چیئرمین تقرری کے معاملے سے وہ لاعلم ہیں انھیں نہیں پتہ کہ ایسے موقع پر جب چیئرمین بورڈز کے امیدواروں کی درخواستوں کی جانچ مکمل ہوچکی ہے کیوں وہاں چیئرمین لگایا گیا۔ بہتر ہوگا یہ بات سیکرٹری بورڈز و جامعات ریاض الدین سے پوچھیں۔ تاہم ریاض الدین نے موقف دینے سے معذوری ظاہر کی۔
تازہ ترین