پشاور(ارشد عزیز ملک) بی آرٹی منصوبے پر پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اور کینٹونمنٹ بورڈ پشاورکے درمیان تنازعہ شدت اختیار کرگیا ہے ۔کینٹ بورڈ پشاور نے3ارب 24کروڑ روپے کے بقایاجات کی ادائیگی تک پشاور صدر سے بسیں گزارنےکی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔ کینٹونمنٹ بورڈ کے باوثوق ذرائع نے تصدیق کی کہ بقایاجات کی ادائیگی تک بسیں چلانے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ اعلی سطح پر کیا گیا ہےدوسری جانب پی ڈی اے نے بی آرٹی پراجیکٹ کو تیزی کے ساتھ مکمل کرنے کے لئے صوبائی حکومت سے 4 ارب 28کروڑ روپے کی اضافی امداد مانگی ہے یوں منصوبے کی لاگت 66ارب 40کروڑ سے بڑھ کر 71 ارب 68کروڑ روپے ہو جائے گی جبکہ پی ڈی اے کی جانب سے کینٹونمنٹ بورڈ کو ادائیگی کے بعد منصوبے کی لاگت 75 ارب کے ہندسے کو عبور کرلےگی جس میں مزید اضافے کا امکان موجود ہےڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے ظفر علی شاہ نے جنگ کو بتایا کہ بی آرٹی صوبائی حکومت کا منصوبہ ہے پی ڈی اے صرف منصوبے کی تعمیرکی نگرانی کررہا ہے کینٹ بورڈ کے بقایاجات کا معاملہ صوبائی حکومت کے ساتھ اٹھایا جائے گا اگر صوبائی حکومت نے فنڈزکی منظوری دیدی تو کینٹ بورڈ کو فوری ادائیگی کردی جائے گی ۔