• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپرلیگ، کراچی کنگز اور ملتان سلطانز نے حریفوں کو پچھاڑ دیا

سپرلیگ، کراچی کنگز اور ملتان سلطانز نے حریفوں کو پچھاڑ دیا


 کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) لاہور قلندرز نے پرستاروں کو مایوس کردیا۔ پاکستان سپر لیگ میں اسے اپنے پہلے میچ میں ملتان سلطانز سے شکست ہوئی جبکہ کراچی میں اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے زیر کیا۔ تفصیلات کے مطابق بابر اعظم اور عماد وسیم کے لاٹھی چارج کی بدولت پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز نے اپنے شہر میں پشاور زلمی کو سخت مقابلے میں 10رنزسےزیر کرلیا۔ جمعہ کو نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی نے ٹورنامنٹ کا آغاز جیت کے ساتھ کیا۔ زلمی کے خلاف کراچی کنگز نے 11میچوں میں تیسری کامیابی حاصل کی ہے۔ ایک موقع پر زلمی کی پوزیشن مضبوط تھی لیکن بظاہر ان فٹ دکھائی دینے والے ڈیرن سیمی ہدف عبور کرنے میں ناکام رہے۔ زلمی کی جانب سے کوئی ایسی اننگز نہ کھیل سکا جسے میچ وننگ قرار دیا جائے۔ ٹیم 202رنز کے ہدف کے تعاقب میں 7وکٹ پر191رنز بناسکی۔ لیونگ اسٹون نے29گیندوں پر54رنز بنائے۔ جس میں تین چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔ ڈیرن سیمی نے20گیندوں پر30رنز بنائے۔ عمید آصف نے23اور کرس جارڈن نے39رنز دے کر دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ کامران اکمل نے ایک بار پھر اچھی اننگز کھیلی اور26گیندوں پر43رنز کی اننگز کھیلی۔ انہیں ڈیل پورٹ نے بولڈ کیا۔ کامران اکمل نےدو چھکے اور پانچ چوکے مارے۔ لائم ڈائی سن محمد عامر کا شکار بنے۔ انہوں نے22رنز بنائے۔ پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز اچھا نہ ہوسکا۔ ٹام بینٹن13رنز بناکر جارڈن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ کرس جارڈن نےحیدر علی کو چار رنز پر بولڈ کردیا۔ شعیب ملک ارشد اقبال کی تھرو پر رن آئوٹ ہوئے انہوں نے12گیندوں پر16رنز بنائے۔ کراچی کنگز نے چار وکٹ پر201رنز بنائے۔ کراچی نے پہلی بار دو سو رنز کا ہندسہ عبور کیا۔ اس میچ سے شرجیل خان کی واپسی ہوئی۔ انہوں نے پہلے میچ میں19رنز بنائے۔ بابر اعظم نے56گیندوں پر78رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ انہوں نے دو چھکے اور سات چوکے مارے۔ انہوں نے کپتان عماد وسیم کے ہمراہ 97رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی بڑے اسکور تک رسائی کی راہ ہموار کی۔ عماد وسیم اننگز کے آخری اوور میں وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے 30گیندوں پر 3 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 50رنز اسکور کیے۔ اننگز کی آخری تین گیندوں پر افتخار احمد نے حسن علی کو لگاتار دو چھکے لگانے کے بعد ایک چوکا لگا کر اپنی ٹیم کی ڈبل سنچری مکمل کرائی۔ اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ شرجیل خان روایتی جارحانہ انداز میں نظر آئے اور حسن علی کو لگاتار دو چھکے لگائے لیکن اسی اوور میں تیسرا چھکا لگانے کی کوشش میں وہ شعیب ملک کو کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے 11 گیندوں پر 19رنز بنائے۔ بابر کا ساتھ دینے کیمرون ڈیلپورٹ آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 48رنز جوڑے۔ محمد محسن نے ڈیلپورٹ کی وکٹیں بکھیر کر اپنی ٹیم کو شاندار کامیابی دلائی، انہوں نے 3 چوکوں کی مدد سے 20رنز بنائے۔حسن علی نے چار اوورز میں52رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ محمد محسن نے چار اوورز میں35رنز کے عوض ایک وکٹ لی۔وہاب ریاض نے35اور راحت علی نے33رنز دیے۔دریں اثنا قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ملتان سلطانز نے ہوم سائیڈ لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے۔کرس لین کے علاوہ قلندرز کا کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکا۔ ٹیم 59 رنز کا عمدہ آغاز ملنے کے باوجود بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی، کرس لین 39 رنز بنا کر پویلین لوٹے، فخر زمان 19، بین ڈنک 3 ،محمد حفیظ14 ، ولاس 19 ، ڈیوڈ ویزے 3 اور شاہین آفریدی 2 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔ کپتان سہیل اختر نے 34 رنز بنائے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر اور معین علی نے 2، 2 جبکہ محمد الیاس اور سہیل تنویر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ فاتح سائیڈ نے ہدف 16.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، کپتان شان مسعود نے 38 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ سلطانز کی پہلی وکٹ 24 رنز پر گری جب جیمز ونز شاہین آفریدی کے گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، معین علی کو 11 رنز پر محمد حفیظ نے رن آؤٹ کیا۔ رائلی روسو 32 اور ذیشان اشرف 4 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، خوشدل شاہ 6اور شاہد آفریدی 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

تازہ ترین