• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’یوم یک جہتئ کشمیر‘کے حوالے سے پروقار تقریب

کشمیر کا مسئلہ کوئی زمینی تنازعہ نہیں ،یہ کشمیر کے لوگوں کے بنیادی حقوق اور ان کے مسلمہ حق خودارادیت کا مسئلہ ہے۔اس کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جلد از جلد ہونا چاہیے۔ بھارتی مظالم کیخلاف پاکستان اور آزادکشمیر کا بچہ بچہ مظلوم کشمیری قوم کے ساتھ کھڑا ہے ۔ان خیالات کا اظہار اوورسیز جموں کشمیر کمیونٹی کی طرف سے منعقد کی گئی ’یوم یکجہتی کشمیر ‘کے حوالے سے پروقار تقریب سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کی صدارت چیئرمین جے کے سی او سردار اشفاق نے کی مہمانان خصوصی او آئی سی میں مستقل مندوب رضوان سعید شیخ اور قونصل جنرل پاکستان خالد مجید تھے۔ 

 نظامت سیکریٹری جنرل جے کے سی او سردار وقاص عنایت اللہ نے کی۔مہمان خصوصی خالد مجید نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ کوئی زمینی تنازعہ نہیں، کشمیری قوم کے بنیادی حقوق کا مسئلہ ہے یہ ان کی مسلمہ حق خوداردیت کے حصول کی جدوجہد ہے جس کا اقوام عالم نے ان سے وعدہ کیا ہے، ہندوستان اس کو ایک علاقائی اور زمینی تنازعہ بنانے کی کوشش کررہا ہے جو حقائق کے منافی ہے۔ پاکستانی کشمیری قوم کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہے ہیں اور رہیں گے جب تک ان کوان کا حق رائے شماری مل نہیں جاتا۔ تقریب سے او آئی سی میں پاکستان کے مستقل مندوب رضوان سعید شیخ نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کا بندھن ایک لازوال اور فطری ہے۔ کشمیر زمینی، مذہبی، معاشرتی، ثقافتی ، معاشی اعتبار سے پاکستان کا فطری حصہ ہے جس کو کبھی بھی نہیں بدلا جا سکتا، کشمیر کے مسئلے کا حل کسی عسکری کارروائی میں نہیں ہوسکتا اگر ایسی بات ہوتی تو مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کی کثیر تعداد اس مسئلے کو ختم کرچکی ہوتی لیکن زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں، آج کشمیریوں کی تحریک میں اور تیزی اور مضبوطی آئی ہے ۔

سردار اشفاق چیئرمین جموں کشمیر کمیونٹی اوورسیز نےاپنے خطاب میں حکومت پاکستان، افواج پاکستان، پاکستان کے اداروں اور خاص طور پر پاکستان کی عوام کا شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے ہر وقت اپنے کشمیری بھائیوں کا ساتھ دیا۔ انھوں نے ایک قرار داد بھی پیش کی جس میں مقبوضہ کشمیر کے لوگوں سے یکجہتی، ہندوستانی ظلم وستم کو روکنے، کشمیری شناخت کے قوانین کی بحالی، کشمیری قیادت کی آزادی اور کشمیریوں کو استصواب رائے کے حق دینے کا مطالبہ کیا گیا ،جس کی سب حاضرین نے بھرپورتائید کی ،یہ قرار داد منظوری کے بعد سردار اشفاق، سردار عبداللطیف عباسی اور سردار وقاص نے رضوان سعید شیخ کو پیش کی جو اسے جموں کشمیر کمیونٹی اوورسیز کی طرف سے او آئی سی میں پیش کریں گے۔ دیگر مقررین جنہوں نے خطاب کیا ان میں کشمیر کمیٹی جدہ کے چئیرمین مسعود احمد پوری، چوہدری خورشید متیال، معروف حسین، راجہ شمروز، خالد گجر، سردار مہتاب سرور، کامران بیگ شامل تھے۔ قاری سلطان نے ملی نغمہ اور نعت رسول مقبول کا شرف حاصل کیا، زمرد سیفی نے نظم پیش کی جبکہ قاری حسان نذیر نے تلاوت کلام پاک کی آیات سےتقریب کا آغازکیا۔ تقریب کے آخر میں کشمیر کی آزادی اور پاکستان کی سلامتی کی دعا کی گئی۔تقریب میں ڈپٹی قونصل جنرل شائق بھٹو، پریس اتاشی ارشد منیر دیگر افسران اور عملے، کشمیری رہنما اور کارکنان کی کثیر تعداد کے ساتھ پاکستان کی سیاسی ، سماجی اور مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنان نے بھی شرکت کی۔

تازہ ترین