پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ایک میچ میں محمد حفیظ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ناقابل شکست 98 رنز بنائے لیکن ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی سنچری مکمل نہ کرسکے۔
محمد حفیظ کا بلا رنز اگلنا شروع ہوگیا ہے جس کا ایک نمونہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں سامنے آیا۔
رواں سیزن اپنے دوسرے میچ میں محمد حفیظ نے 7 چوکوں اور اتنے ہی بلند و بالا چھکوں کی مدد سے 98 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
اننگز کے آخری اوور میں محمد حفیظ نان اسٹرائیکر اینڈ پر کھڑے تھے جبکہ ان کا انفرادی اسکور 91 رنز تھا۔
محمد حفیظ نے اس اوور میں 2 گیندیں کھیلیں جن میں ایک پر چھکا لگایا اور ایک گیند پر شاٹ لگاتے ہوئے سنگل لے لیا۔
اگر محمد حفیظ اس سنگل رن کو لے کر نان اسٹرائیکر اینڈ پر نہ جاتے تب وہ مزید ایک گیند کھیل سکتے تھے اور گیند کو باؤنڈری کے باہر پھینک کر پی ایس ایل میں اپنی پہلی سنچری مکمل کر سکتے تھے۔
اننگز کے بعد اسٹیڈیم میں پریزنٹر زینب عباس سے بات کرتے ہوئے محمد حفیظ نے بتایا سنچری بنانا ان کے دماغ میں نہیں تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ چاہتے تھے کہ ٹیم زیادہ سے زیادہ اسکور کرے۔
محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ میری کوشش زیادہ سے زیادہ رنز کرنا تھی، میں نے سوچا کہ سنچری مکمل ہوگئی تو ٹھیک ورنہ کوئی بات نہیں۔