کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے قانون کے مطابق پشاور زلمی کے کسی بولر کے خلاف بال ٹمپرنگ کی شکایت نہیں کی۔ آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے تحت ایک پروٹوکول ہوتا ہے۔ کوئٹہ نے اس پروٹوکول کے مطابق کسی بولر کے خلاف باضابطہ شکایت نہیں کی ہے۔ قانون کے مطابق ایک الگ فارم پر بال ٹمپرنگ کی شکایت کی جاتی ہے ۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں گذشتہ چار سال سے کسی بولر کے خلاف گیند خراب کرنے یا بال ٹمپرنگ کی کوئی شکایت سامنے نہیں آئی ہے۔ پریس کانفرنس میں سرفراز احمد سے سوال کیا گیا کہ آپ نے پشاور کے بولر وہاب ریاض کے خلاف بال ٹمپرنگ کی کوئی شکایت کی ہے تو انہوں نے کہا کہ ہم نے کسی بولر کا نام نہیں لیا ہے، بال ٹمپرنگ کے حوالے سے پروٹوکول کے مطابق رپورٹ میں لکھ دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امپائروں کی رپورٹ میں اپنے کالم میں اس متعلق تحفظات ظاہر کئے ہیں جسے کسی بھی طرح بال ٹمپرنگ نہیں کہا جاسکتا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ نے امپائر کی رپورٹ میں تحفظات ظاہر کئے ہیں۔