• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبائی حکومت کا صفائی مہم شروع کرنے کا فیصلہ

پشاور (نیوز ڈیسک)خیبرپختونخوا حکومت نے موسم بہار کی آمد پر روایت سے ہٹ کر صفائی مہم شروع کرنے، اسے سال بھر جاری رکھنے، اسکی عوامی مقبولیت کیلئے برانڈنگ پلان بنانے اور سیاحتی مقامات پر صحت و صفائی یقینی بنانے کیلئے ٹورسٹ ٹی ایم ایز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس ضمن میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواکے مشیر بلدیات و دیہی ترقی کامران خان بنگش کے زیرصدارت بلدیات سیکرٹریٹ پشاور میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں اس حوالے سے معاملات اور تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ضروری فیصلے کئے گئے اجلاس میں سیکرٹری بلدیات شکیل احمد، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ خضر حیات، ڈائریکٹر جنرل پشاور ترقیاتی ادارہ و چیف ایگزیکٹیو ڈبلیو ایس ایس پی سید ظفر علی شاہ، ایم ڈی میونسپل سروسز پروگرام انجینئر عطاء الرحمان ، ڈائریکٹر ترقیات میڈم طاہرہ، ایڈوکیٹ جنرل، ایڈیشنل و ڈپٹی سیکرٹری بلدیات اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی کامران خان بنگش نے واضح کیا کہ اس منفرد صفائی مہم کا افتتاح وزیراعلیٰ محمود خان پرسوں کل کریں گے اور یہ مہم عوامی، حکومتی ، عدلیہ اور میڈیا تمام سطحوں پر یکساں احساس ملکیت کے ساتھ منائی جائے گی اس میں محکمہ ہائے بلدیات، تعلیم، صحت، ماحولیات، آبپاشی و آبنوشی اور خوراک و زراعت سمیت تمام محکمے مقررہ اہداف کے ساتھ عملی طور پر شریک ہوں گے جبکہ علماء، طلبہ و اساتذہ، سرکاری ملازمین، وکلاء، صحافی اور دیگر تمام طبقوں کو شریک کار بنایا جائے گا ضرورت پڑی تو صوبے میں کلین لینس ایمرجنسی کے نفاذ اور مزید قانون سازی کا بھی سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے گا انہوں نے کہا کہ آئندہ میونسپل انسپکٹر اور دوسرا بلدیاتی عملہ نرمی اور کوتاہی برتنے کی بجائے میونسپل پولیس بن کر اپنے فرائض پورے نظم و ضبط کے ساتھ انتہائی سختی سے انجام دے گا اور اسی طور ان سے باز پرس بھی ہو گی ۔ حکومت صحت و صفائی یقینی بنانے کیلئے بھی ہر سطح پر سختی کے ساتھ سزا و جزا کی پالیسی اپنائے گی تب ہی ڈینگی سمیت تمام بیماریوں اور خطرات کا مستقل خاتمہ ہو گا ایک صحت مند معاشرہ قائم ہوگا اور صحت و ماحولیاتی بہتری پر ہمارا بجٹ آدھے سے زیادہ کم ہو گا اجلاس میں سیاحتی سیزن کے دوران ٹورسٹ ٹی ایم ایز قائم کرنے کی منظوری بھی دی گئی جو سیاحتی علاقوں اور سیر و تفریح کیلئے آنے والوں کی صحت و صفائی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی مجاز ہو گی۔
تازہ ترین