• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپرلیگ، سلطانز کو کھیلتا دیکھنے کیلئے اہل ملتان میں ہیجان، بڑی اسکرینز لگیں گی

  کراچی (سٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ 2020کے مقابلے بدھ سے ملتان اور راولپنڈی میں منتقل ہوجائیں گے۔ ایسا پہلی مرتبہ ہوگا کہ ملتان اور پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پی ایس ایل کے میچوں کی میزبانی کریں گے۔ اہل ملتان میں سلطانز کو کھیلتا دیکھنے کیلئے ہیجان پایا جاتا ہے۔ میچز کیلئے بڑی اسکرینز بھی لگیں گی۔دونوں شہروں میں بسنے والے کرکٹ کے مداح اور مقامی کھلاڑیوں کے اہلخانہ اولیاء کا شہر، ملتان اور وفاقی دارالحکومت کا جڑواں شہر کہلانے والے راولپنڈی میں میدان سجنے کا شدت سے انتظار کررہے ہیں۔ ملتان سلطانز کے مقامی کھلاڑیوں میں دراز قد فاسٹ بولر محمد عرفان اور نوجوان بیٹسمین ذیشان اشرف شامل ہیں۔ اسی طرح شاداب خان اور موسیٰ خان نے بھی بچپن سے راولپنڈی کے میدانوں میں ہی کرکٹ کھیلی ہے۔ پاکستان سپر لیگ2020کے تین میچز 26، 28اور 29فروری کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ 8میچز 27، 28اور 29فروری ، یکم، 2، 5، 7اور 8مارچ کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول تینوں میچوں میں میزبان ٹیم ملتان سلطانز ایکشن میں دکھائی دے گی۔ مقامی کھلاڑیوں کی ٹیم میں شمولیت پر کرکٹ کے مداحوں کے ساتھ ساتھ دونوں کھلاڑیوں کے اہلخانہ بھی بہت پرجوش ہیں۔ فاسٹ بولر محمد عرفان اور ذیشان اشرف کے اہلخانہ اپنے کھلاڑی کو ہوم گراؤنڈ پر کھیلتا دیکھنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔ محمد عرفان کے بھائی محمد عاصم کا کہنا ہے خوشی ہے کہ رواں سال ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے تاہم ایونٹ کے دوران محمد عرفان کو اپنے ہوم گرائونڈ یعنی ملتان میں کھیلتا دیکھنے پر یہ خوشی دوگنی ہوجائے گی۔ محمد عاصم نے کہا کہ وہ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم جا کر ملتان سلطانز کو سپورٹ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ بچپن میں کرکٹ کھیلنے پر اکثر محمد عرفان کو والدین سے ڈانٹ پڑتی تھی مگر پھر عرفان کے جنون نے سب کو بے بس کردیا اور آج ہم سب محمد عرفان پر فخر کرتے ہیں۔ پی ذیشان اشرف کے والد محمد اشرف کا کہنا ہے کہ وہ کرکٹر کی والدہ اور بھائی بہت خوش ہیں کہ ان کا بیٹا ملتان سلطانز کا حصہ بنا ہے۔ میرا بیٹا محنتی ہے اور آج اسے اس کی محنت کا صلہ مل رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ دعا گو ہیں کہ رب تعالیٰ، ان کے بیٹے کو ایچ بی ایل پی ایس ایل میں بھی کامیابی دے اور وہ بطور کرکٹر جلد پاکستان کی نمائندگی کریں۔ تمام اہلخانہ ایک گھر میں بیٹھ کر ذیشان کے میچز دیکھیں گے جبکہ اس کے دوستوں نے پلان کررکھا ہے کہ وہ سب ایک میدان میں بڑی اسکرین لگا کر ان میچز کا لطف اٹھائیں گے۔ محمد اشرف کا کہنا تھا کہ ذیشان کو بچپن میں بڑے کرکٹرز کے اسٹائل نقل کرنے کا شوق تھا اور اہلخانہ کی فرمائش پروہ کبھی سعید انور، کبھی برائن لارا تو کبھی عامر سہیل کے انداز میں بیٹنگ کرکے دکھاتے تھے۔ گھر میں سب ذیشان کو پیار سے لارا کہہ کر پکارتے ہیں۔
تازہ ترین