• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میانوالی میں جناح بیراج سے 40 دن میں 34 لاشیں برآمد

Mianwali Recovered 34 Bodies In 40 Days From Jinnah Barrage
میانوالی میں جناح بیراج سے 40 دن میں 34 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ جن میں چار لاشوں کے ہاتھ پاؤں کٹے ہوئے تھے۔ صرف ایک لاش کی شناخت ہوسکی، باقی لاشیں امانتا دفنا دی گئیں۔

میانوالی میں جناح بیراج کے مقام سے لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق 40 دنوں میں 34 افراد کی لاشیں ملی ہیں، جن میں 4 لاشیں تشدد زدہ تھیں جن کےہاتھ پاؤں اور سرکٹا ہوا تھا۔

ڈی پی او میانوالی صادق ڈوگر کا کہنا ہے کہ ملنے والی لاشوں کا تعلق میانوالی سے نہیں۔ یہ لاشیں بالائی علاقوں سے بہہ کر آتی ہیں اور جناح بیراج پر پھنس جاتی ہیں۔

کالاباغ تھانے میں 21 اور تھانا داؤد خیل میں 4 لاشیں ملنے کی رپورٹ درج کی گئی ہے۔ جبکہ حساس اداروں کی رپورٹ کے مطابق 34 سے زائد لاشیں ملی ہیں ۔ پولیس کے مطابق اب تک صرف ایک لاش کی شناخت ہوئی ہے ۔ مقامی لوگوں نے ایک ماہ میں دریا سے 28 لاشیں ملنے کی تصدیق کی ہے۔

دریا سے ملنے والی لاشیں مسخ شدہ اور ناقابل شناخت ہوتی ہیں۔ اس لیے لاشوں کی شناخت پولیس کے لئے معما بنی ہوئی ہے۔ ڈی پی او صادق ڈوگر کا کہنا ہے کہ لاشوں کے ڈی این اے ٹیسٹ کیلیے سیمپل لیے گئے ہیں۔ اور ملنے والی لاشوں کے متعلق خیبرپختونخوا پولیس کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔
تازہ ترین