گوجرانوالہ(نمائندہ جنگ) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کیپٹن (ر) محمد آصف نے قومی داخلہ مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیا ہے‘ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ باوقار ‘ خود مختار اور خوشحال پاکستان کے لئے ہر بچے کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا ہوگا۔ گورنمنٹ ہائرسیکنڈری سکول گوجرانوالہ میں انہوں نے بچوں کے داخلہ فارم چیک کئے‘ مفت کتابیں اور بیگ تقسیم کئے۔ ڈی سی او گوجرانوالہ محمد عامر جان‘ پرنسپل طارق حمید راٹھور‘ ای ڈی او صہیب عمران‘ ڈی او سیکنڈری ملک محمد سلیم‘ ڈی او لٹریسی محمد سلیم اور اساتذہ اس تقریب میں شریک تھے۔ کمشنر کو بتایاگیا کہ کچی کلاس میں 60763 ‘ پہلی کلاس میں 43,382 جبکہ دوسری سے پانچویں کلاس میں 152164 بچوں کو سکولوں میں داخلہ دیا جائے گا۔ کمشنر اور ڈی سی او نے بعد ازاں شجر کاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے پودے لگائے اور ادارے کا تفصیلی دورہ کیا۔