• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ثمینہ وقار کی خدمات کوہمیشہ اچھےالفاظ میں یاد رکھا جائیگا،اکبردرانی

اسلام آباد( خصوصی نامہ نگار)وفاقی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات اکبر حسین درانی نےکہاہےکہ ڈی جی سر کاریریڈیو ڈاکٹر ثمینہ وقار کی وزارت اطلاعات اور اس کے ذیلی اداروں میں خدمات لائق تحسین ، ان کی خدمات کو ہمیشہ اچھے الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔ پیر کو اپنے دفتر میں سر کاری ریڈیو کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ثمینہ وقار کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ان کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سےخطاب میں سیکرٹری اطلاعات و نشریات نے کہاکہ ڈاکٹر ثمینہ وقاراپنی مدت ملازمت کے دوران وزارت کے مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دینے کے علاوہ مختلف سرکاری اداروں اور بیرون ملک پاکستانی سفارتی مشنز میں بھی تعینات رہ چکی ہیں۔تقریب میں وزارت اطلاعات و نشریات کے ایڈیشنل سیکرٹری محمد ظہور برلاس،قومی خبر رساں ادارے ”اے پی پی“ کے ایم ڈی طارق محمود خان، پرنسپل انفارمیشن آفیسر محمد طاہر حسن، سر کاری ٹیلی ویژن کے ایم ڈی،وزارت کے دیگر سینئر افسران اور پبلک ریلیشن کے سینئر و جونیئر افسران نے شرکت کی۔ سیکرٹری اطلاعات نے نئے آنے والے انفارمیشن افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر ثمینہ وقار کی خدمات اور پیشہ وارانہ تجربہ آپ کیلئے مشعل راہ ہے، زندگی میں ایک اچھے استاد کاملنا کسی نعمت سے کم نہیں ہوتا۔ اکبرحسین درانی نے ڈاکٹر ثمینہ وقار کے ساتھ کام کرنے کے حوالہ سے بھی اپنے تجربات سے شرکاءکو آگاہ کیا۔اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات نے ڈاکٹر ثمینہ وقار کو سوینئر اور پھول بھی پیش کیے۔ قبل ازیں ظہور برلاس،طارق محمود خان سمیت دیگرسینئر افسران اور پی آر اوز نے ڈاکٹر ثمینہ وقار کی شخصیت اور ان کے ساتھ کام کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
تازہ ترین