کوئٹہ(پ ر)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی معائنہ ٹیم نے پشین شہر اور کوئٹہ چمن ہائی وے پر قائم مختلف ہوٹلوں، فوڈ پوائنٹس، میٹ شاپس اور بیکرز و بیکرز پلانٹس کا معائنہ کیااورمذکورہ مراکز میں اشیاء خوردونوش کے معیار اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا، دوران معائنہ دو بیکنگ یونٹس کو پروڈکشن میں غیر معیاری اجزاء کے استعمال، گندگی اور ورکرز کی ذاتی صفائی نہ ہونے پر 10 ہزار اور 5 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا جبکہ متعدد کھانے پینے کے مراکز کے مالکان و عملے کو صفائی کے انتظامات بہتر بنانے اور عوام کو محفوظ و معیاری خوراک و غذائی اشیاء کی فروخت یقینی بنانے کی ہدایت کی‘ اس حوالے سے انہیں وارننگ نوٹس و ہدایت نامے بھی جاری کئےگئے ۔ فوڈ اتھارٹی حکام نے کارروائی کے دوران مختلف دکانوں میں فروخت ہونے والی چائے کی پتی کے نمونے بھی حاصل لئے جنہیں لیبارٹری ٹیسٹ کیلئے بھجوا دیا گیا ۔علاوہ ازیں ڈپٹی ڈائریکٹرز نگہت دین اور نقیب اللہ ناصرکی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کوئٹہ کے علاقوں جیل روڈ اور ہدہ میں کارروائی کرتے ہوئے ممنوعہ و مضر صحت پان پراگ اور گٹکا برآمد کرکےقبضے میں لے لیا، مزید برآں اتھارٹی حکام نے علاقے میں موجود ریسٹورنٹس، ملک شاپس سبزی و فروٹ شاپس اور پکوان ہاؤ سز وغیرہ کی بھی چیکنگ کی اور مالکان کو حفظان صحت کےاصولوں کے مطابق اور معیاری اشیاء خوردونوش کا کاروبار کرنے کی ہدایت کی جبکہ اس حوالے سے متعدد کو امپروومنٹ نوٹسز و خصوصی ہدایات نامے بھی جاری کئے گئے۔