• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپرلیگ، سلطانز کے شایان شان استقبال کیلئے ملتان تیار، زلمی سے آج مقابلہ

سپرلیگ، سلطانز کے شایان شان استقبال کیلئے ملتان تیار، زلمی سے آج مقابلہ


راولپنڈی (عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) کراچی اور لاہور کے بعد ملک کے دوبڑے گراؤنڈز ملتان اور پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پہلی مرتبہ پی ایس ایل کے میچوں کی میزبانی کے لئے تیار ہیں۔سلطانز کے شایان شان استقبال اہل ملتان تیار ہیں۔ لیگ میں شامل مجموعی 34 میں سے 11میچ ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جانے ہیں۔ دونوں شہروں میں ہائی وولٹیج میچوں کےلئے کرکٹ کا جنون اپنے عروج پر ہے۔ بدھ کو ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے میں میزبان ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان زبردست مقابلے کی توقع ہے۔ دونوں اسٹیڈیمز اب تک کسی انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ کی میزبانی نہیں کرسکے مگر دونوں مقامات پر متعدد مرتبہ ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس کھیلے جاچکے ہیں۔ ملتان نے شان مسعود کی کپتانی میں دو میچ کھیلے ہیں ایک جیتا اور ایک میں اسے شکست ہوئی ہے۔ ڈیرن سیمی کی قیادت میں پشاور نے بھی دو میچ کھیلے ہیں ایک میچ میں کامران اکمل نے دھواں دار سنچری بناکر کوئٹہ کو آئوٹ کلاس کردیا۔ دوسرا میچ پشاور کی ٹیم ہار گئی تھی۔ پشاور کے ہیڈ کوچ محمد اکرم نے والد کے انتقال کے بعد ٹیم کو جوائن کرلیا ہے۔ ملتان میں ایک دہائی بعد کوئی ایسا میچ ہورہا ہے جس میں انٹر نیشنل کھلاڑی ایکشن میں ہوں گے۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کل 3 جبکہ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں 8 میچز کھیلے جائیں گے۔ پانچ ٹیسٹ اور سات ایک روزہ میچوں کی میزبانی کا اعزاز حاصل کرنے والے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلا انٹرنیشنل میچ اگست 2001 میں کھیلا گیا۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے گئے اس ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم نے اننگز اور264رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ دس ٹیسٹ اور23 ایک روزہ میچوں کی میزبانی کا اعزاز حاصل کرنے والے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلا انٹرنیشنل میچ جنوری 1992میں کھیلا گیا۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے اس ایک روزہ میچ میں میزبان ٹیم نے117رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ ملتان اور پنڈی کرکٹ اسٹیڈیمز میں ڈومیسٹک میچز کھیلنے والے قومی کرکٹرز کو اب پی ایس ایل کے دوران دونوں شہروں میں شائقین کی ایک بڑی تعداد کے اسٹیڈیم کا رخ کرنے کی امید ہے۔ شاہد آفریدی اور شان مسعود ملتان سلطانز جبکہ فہیم اشرف اور آصف علی اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کررہے ہیں۔ شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ملتان سلطانز پہلی مرتبہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر میچ کھیلے گی۔ امید ہے کہ شہری اپنی پسندیدہ ٹیم کو سپورٹ کرنے اسٹیڈیم ضرور آئیں گے۔ میں جارحانہ بیٹنگ اور اپنی اسپن بولنگ کے ذریعے ملتان اسٹیڈیم میں موجود شائقین کرکٹ کو خوب محظوظ کرنے کی کوشش کرونگا ۔ ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ یہ مہینہ پاکستان کرکٹ کےلیے بہت پرجوش لمحات پر مشتمل ہے۔ بطور ملتان سلطانز اپنے ہوم گراؤنڈ پر تین میچز کھیلنے کے لیے بیتاب ہیں۔ ملتان کے شہری کرکٹ سے پیار کرتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وہ قومی اور بین الاقوامی ستاروں کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے جوق در جوق ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کا رخ کریں گے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راؤنڈرفہیم اشرف کا کہنا ہے کہ وہ بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے قومی اسکواڈ کا حصہ تھے۔ فائنل الیون میں جگہ تو نہیں بناسکے مگرباؤنڈری کے باہر بیٹھ کر جس طرح وہ شائقینِ کرکٹ سے کھچا کھچ بھرے اسٹیڈیم سے میچ کا لطف اٹھارہے تھے وہ ناقابل فراموش لمحات تھے۔ فہیم اشرف نے کہاکہ پی ایس ایل کے میچز پہلی مرتبہ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہورہے ہیں، انہیں امید ہے کہ شائقین کی ایک بڑی تعداد اسٹیڈیم کا رخ کرے گی اور پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول لیگ کے تمام 8 میچز میں "ہاؤس فل" ہوگا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹسمین آصف علی نے کہا پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جارحانہ بیٹنگ کرکے شائقینِ کرکٹ کو محظوظ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، اسلام آباد یونائیٹڈ کا ہوم گراؤنڈ ہے اور یہاں انہیں تماشائیوں کی بھرپور حمایت ملنے کی امیدبھی ہے۔ 

تازہ ترین