• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس پاکستان پہنچ گیا، 2 مریضوں میں تصدیق، ایران سے آنے والے دونوں افراد کراچی اور اسلام آباد کے اسپتال میں داخل، متاثرین کے اہل خانہ کا معائنہ، سندھ، بلوچستان میں تعلیمی ادارے بند

پاکستان میں کورونا وائرس کے 2 مریضوں کی تصدیق


کراچی‘کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر‘ایجنسیاں ) دنیابھرمیں تباہی مچانے والا کرونا وائرس پاکستان پہنچ گیا ‘ایران سے آنے والے کراچی اوراسلام آبادکے دو افراد میں وائرس کی تصدیق ‘اسپتال منتقل کردیا گیا۔ 

متاثرین کے اہل خانہ کا بھی معائنہ ‘ ذرائع کے مطابق کراچی کا رہائشی 22سالہ یحییٰ جعفری 20 فروری کو ایران سے واپس آیا لیکن ایئر پورٹ پراس کا معائنہ نہیں کیا گیا‘بچوں کو کروناوائرس سے بچائو کے پیش نظر سندھ کے تعلیمی ادارے 28فروری جبکہ بلوچستان کے 15مارچ تک بند‘ کراچی میں آغا خان‘ سول اور جناح اسپتال میں آئسولیشن وارڈز قائم‘ کے ایم سی کے اسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ‘ افسران اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ ‘تفتان میں پاک ایران سرحد تیسرے روز بھی بند‘بلوچستان حکومت نے اندرون ملک سے ایران جانے والے زائرین کو صوبے میں داخل ہونے سے روکنے کا فیصلہ کرلیا۔

بلوچستان کے داخلی راستوں پر پولیس اور لیویز کی چیک پوسٹیں ‘وزیر ریلوے شیخ رشید نے کوئٹہ سے تفتان تک ٹرین سروس معطل کرنے کا اعلان کردیا‘پاک ایران بارڈر بند ہونے پر ایل پی جی کی سپلائی معطل ہو نے کے باعث ڈسٹری بیوٹرز نے ایل پی جی 50 روپے فی کلو مہنگی کر دی ہے ۔ گھریلو سلنڈر 500 اور کمرشل سلنڈر 2000 روپے تک مہنگا ہو گیا ہے ۔ 

دوسری جانب معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزانے کہاہے کہ یہ وائرس تاخیر سے یہاں پہنچا ہے اور ہمیں پورا یقین ہے کہ حکومتی اقدامات اور پالیسیوں کی وجہ سے یہ وبائی شکل اختیار نہیں کرے گا‘حالات کنٹرول میں ہیں ‘عوام کو پریشان ہونے اور گھبرانے کی ضرورت نہیں‘ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ہماری تیاریاں مکمل ہیں۔

وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس حوالے سے ایک پیج پر ہیں‘میڈیا غلط اور غیرمصدقہ خبریں پھیلا کر لوگوں کو خوف و ہراس کرنے سے گریز کرے‘ عوام صرف احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں جبکہ چین اور ایران سے آنے والے افراد فوری طور پر ڈاکٹرز سے رجوع کریں۔ 

کراچی سے اسٹاف رپورٹر کے مطابق شہر قائد میں نوول کورونا وائرس کاایک کیس سامنے آگیا ہے جس نے وفاقی وزارت صحت اور ایئر پورٹ حکام کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے ۔ 

محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف کے مطابق کراچی کے رہائشی 22 سالہ یحییٰ جعفری میں نوول کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔ جس نے اپنے دوست کے ہمراہ ایران کا سفر کیا تھا جہاں سے اس میں نوول کورونا وائرس منتقل ہوا۔ 

ذرائع کے مطابق یحییٰ جعفری 20 فروری کو ایران سے واپس آیا لیکن ایئر پورٹ پراس کا معائنہ نہیں کیا گیا تاہم طبیعت خراب ہونے پر آج وہ خود آغا خان یونیورسٹی اسپتال گیا اور اپنا معائنہ کرایا جہاں پر اس میں نوول کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ۔

میران یوسف کے مطابق نوول کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد یحییٰ جعفری کو اسپتال میں داخل کرکے قرنطینہ میں رکھ دیا گیا ہے جبکہ اس کے اہلخانہ کو بھی قرنطینہ میں رکھا گیا اور اس جہاز میں آنے والے تمام مسافروں کا معائنہ کیاجائے گا تاکہ صورتحال واضح ہو سکے۔

صوبائی محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق یحیی جعفری کو اہلخانہ سمیت نجی اسپتال منتقل کردیا گیاہے۔جہاں آئسولیشن وارڈ میں ان کا علاج جاری ہے۔ یحییٰ جعفری کے ساتھ ایران سے آنے والے دیگر افراد کا بھی ٹیسٹ کیا جارہا ہے۔ 

دوسری جانب معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نےبدھ کو وزیر اعلی بلوچستان کے ہمراہ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے دو مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے‘ایک مریض کا تعلق سندھ سے ہے جس کا نام میڈیا پر آچکا ہے جبکہ دوسرے کاتعلق وفاقی علاقے سے ہے جس کا نام ظاہر نہیں کیاجارہا‘دونوں کیسز کا تعلق ایران کے سفر کے ساتھ ہے‘ دونوں مریضوں کا حفاظتی اقدامات کے تحت علاج جاری ہے‘دونوں افراد کی حالت مستحکم ہے‘ حالات کنٹرول میں ہیں ‘عوام کو پریشان ہونے اور گھبرانے کی ضرورت نہیں ۔

اس وقت پاکستان میں 15افراد کو مشتبہ طور پر کرونا وائرس کے شبہے میں زیرعلاج رکھا گیا ہے جبکہ اب تک 100سے زائد مبینہ مریضوں کے ٹیسٹ کئے گئے ہیں جن میں سے تما م لوگوں کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں‘حکومت نے کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں اور ہماری پوری کوشش ہے کہ وائرس پاکستان میں وبائی شکل اختیار نہ کرے ۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دو افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، ایک کا تعلق سندھ اور دوسرے کا فیڈرل ایریا سے ہے اور دونوں نے حالیہ دنوں میں ایران کا سفر کیا تھا‘ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ عوام صرف احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

عوام وائرس سے متعلق زکام، کھانسی بخار یا درد کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں ڈاکٹرز سے رجوع کریں یا ہیلپ لائن 1166 پر معلومات شیئر کریں جبکہ چین اور ایران سے آنے والے افراد فوری طور پر ڈاکٹرز سے رجوع کریں۔ 

حکومت کے بروقت اور موثر اقدامات کی وجہ سے یہ وائرس تاخیر سے یہاں پہنچا ہے اور ہمیں پورا یقین ہے کہ حکومتی اقدامات اور پالیسیوں کی وجہ سے یہ وبائی شکل اختیار نہیں کرے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ہماری تیاریاں مکمل ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس حوالے سے ایک پیج پر ہیں اور ہم مل کر پاکستان اور عوام کو وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ 

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر میں ذاتی طور پر روزانہ کی بنیاد پر عوام کو معلومات فراہم کرتا رہوں گا۔ میڈیا غلط اور غیرمصدقہ خبریں پھیلا کر لوگوں کو خوف و ہراس کرنے سے گریز کرے۔ 

ادھربچوں کو کروناوائرس سے بچائو کے پیش نظر صوبہ بلو چستان کے تمام سرکاری‘ پرائیوٹ اسکولز اور مدارس 15مارچ 2020تک بند رہیں گے ۔جبکہ بلو چستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے تحت جاری میڑک امتحانات کو بھی موخر کردیا گیا ہے میڑک کے بقیہ پیپرز کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیاجائے گا۔ وزیرتعلیم سندھ سعید غنی نے صوبے بھر کے تمام تعلیمی ادارے آج اور کل بندرکھنے کا اعلان کردیا۔

سندھ کے وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں کرونا وائرس سے شہریوں کے تحفظ کیلئے تین آئسولیشن وارڈز قائم کر دیئے گئے ہیں، آئسولیشن وارڈز آغا خان، سول اور جناح ہسپتال میں قائم کیا گیا ہے ۔ 

مئیر کراچی وسیم اختر نے کے ایم سی کے اسپتالوں ایمرجنسی نافذ کردی‘ عباسی شہید اسپتال، سرفراز رفیقی اسپتال، لانڈھی میڈیکل کمپلیکس، اور گزدر آباد میں آئسو لیشن وادڑ قائم کردیئے گئے۔

تازہ ترین