• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلامیہ کالج پشاور میں منعقدہ دورہ روزہ تخلیقی میلے کا افتتاح

پشاور(نیوزڈیسک)وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیربرائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ خان بنگش ، وزیرخزانہ تیمورسلیم جھگڑا اورمعاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش نے اسلامیہ کالج پشاور میں منعقدہ دورہ روزہ تخلیقی میلے (creative fest) کا افتتاح کیا جس میں پورے صوبے کے یونیورسٹیز، کالجز اورسکولوں کے 900 سے زائد طلباء نے تخلیقی سٹالز لگائے۔ تخلیقی میلے کا انعقاد ڈائریکٹوریٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی طرف سے کیاگیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیرسائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو آئی ٹی سیکٹر میں روزگار کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آئی ٹی سیکٹر میں دنیا بھر کی کمپنیوں کو انوسٹمنٹ کیلئے راغب کیا جارہاہے اوریہاں پر ان کو حکومت کی طرف سے تمام سہولیات فراہم کی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے صوبے کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہیںاور سائنس اور آئی ٹی کے سیکٹرز پرخصوصی توجہ دینی چاہئیے۔ ہم ان کو بھرپور سپورٹ دے رہے ہیں اوران کے ریسرچ اور تخلیقی کاموں کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کیاجائیگا۔ ضیاء اللہ خان بنگش نے تخلیقی میلے کے حوالے سے کہاکہ یہ صوبائی سطح پر اپنی نوعیت کا پہلا فیسٹول ہے جس میں تمام تعلیمی ادارون کو نمائندگی دی گئی ہے جبکہ تخلیقی کاموں کی پذیرائی اور نوجوانوں کو روزگارکے مواقع فراہم کرنے کیلئے انڈسٹری اور مختلف سرکاری اور نجی اداروں کو بھی بلایاگیاہے۔ تخلیقی میلے میں شرکت کیلئے صوبے کے 4 زونز کی یونیورسٹیز ، کالجز اور سکولوں کے درمیان مقابلے کئے گئے تھے جن میں سے 164 سٹالز ان لوگوں کی طرف سے لگائے گئے جنہوں نے کام مکمل کیاہے جبکہ باقی سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی کے ریسرچز پرمشتمل ہیں۔ پروگرام کے اختتام پرہر سیکٹرز میں جیتنے والی3 ٹیموں کو نقد انعامات اورسرٹیفیکیٹس دیے جائیں گے۔ تقریب کا افتتاح کرنے کے بعد ضیاء اللہ خان بنگش ،تیمور سلیم جھگڑا اور کامران بنگش نے لگائے گئے سٹالز کامعائنہ کیا اور بہترین سٹالز لگانے والوں کو داد دی۔ تقریب میں یونیورسٹیز ، کالجز، سکولز کے طلباء اور دیگر اداروں کے متعلقہ حکام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ دوروزہ فیسٹیول کے اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیرسائنس وٹیکنالوجی فوادچوہدری ہوں گے۔
تازہ ترین