• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 52 رنز سے ہرادیا

ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 52 رنز سے ہرادیا


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو کے دسویں میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو باآسانی 52 رنز سے شکست دے دی۔

ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 187 رنز کا ہدف دیا، لیکن کراچی کنگز کی ٹیم 134 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، معین علی اور ذیشان اشرف نے ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کی شروعات کیں اور 31 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

ذیشان اشرف 13 گیندوں پر 23 رنز کی اننگز کھیل کر معین علی کا ساتھ چھوڑ گئے، اس کے بعد کپتان شان مسعود بیٹنگ کے لیے آئے اور معین علی کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 71 رنز جوڑکر ٹیم کا اسکور 102 تک پہنچایا، معین علی 42 گیندوں پر چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 65 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

ریلی روسو صرف 8 رنز بناسکےجبکہ شان مسعود 42 گیندوں پر 61 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اُن کی اننگز میں سات چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

باقی آنے والے بیٹسمین قابل ذکر اسکور نہ کرسکے اور ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے۔

کراچی کنگز کی جاب سے محمد عامر اور کرس جارڈن نے دو، دو جبکہ عمید آصف اور افتخار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کے اوپنرز نے تیزی سے رنز بنائے اور اسی کوشش میں شرجیل خان 9 گیندوں پر 16 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔

بابر اعظم بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 13 رنز بناکر محمد عرفان کو وکٹ دے بیٹھے، اگلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین ایلکس ہیلز تھے، جو 29 رنز بناکر شاہد آفریدی کا شکار بنے۔

کراچی کنگز کا کوئی بھی بیٹسمین لمبی اننگز نہ کھیل سکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باعث ٹیم دباؤ کا شکار ہوگئی اور پوری ٹیم 17 اوورز میں 134 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

ملتان سلطان کے عمران طاہر سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، سہیل تنویر اور شاہد آفریدی نے دو، دو جبکہ محمد عرفان،  معین علی اور محمد الیاس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

تازہ ترین