پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو کے گیارہویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندز کو میچ جیتنے کے لیے 133 رنز کا ہدف دیا ہے۔
پشاور زلمی کے ٹام برینٹن اور حیدر علی 34، 34 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی کے اوپنرز ٹام بینٹن اور کامران اکمل نے 32 رنز کا برق رفتار آغاز فراہم کیا لیکن کامران اکمل اپنی اننگز کو طول نہ دے سکے اور 14 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔
نئے آنے والے بیٹسمین حیدر علی نے بھی دھواں دار بیٹنگ کی اور 12 گیندوں پر 34 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ ٹام بینٹن نے بھی تیزی سے رنز کیے اور 15 گیندوں پر 34 رنز بنائے۔
کم اووز کی اننگز ہونے کے باعث ہر آنے والے بیٹسمین نے کھل کر اسٹروک کھیلے اور 12 اوورز میں ٹیم کا اسکور 7 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز تک پہنچادیا۔
لاہور قلندز کے دلبر حسین سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے زلمی کے چار بیٹسمینوں کا شکار کیا، ڈیوڈ ویزے نے دو اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بارش سے متاثرہ میچ کو 12، 12 اوورز تک محدود کردیا گیا۔
ایونٹ میں پشاور زلمی نے اب تک تین میچز کھیلے ہیں، ایک جیتا اور دو میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، یوں اس کے دو پوائنٹس ہیں جبکہ لاہور قلندرز نے دو میچ کھیلے اور دونوں ہارے، یوں اب تک وہ کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کرسکی۔
آج ہونے والے پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو باآسانی 52 رنز سے شکست دی تھی۔