راولپنڈی (عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ میں شرکت کرنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی ٹیم کو اس وقت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب اسلام آباد اور ملتان کے خراب موسم کی وجہ سے چارٹرڈ فلائٹ ملتان نہ جاسکی کھلاڑی مایوس کن انداز میں دوبارہ ہوٹل آگئے۔کوئٹہ کی ٹیم اب ہفتے کی صبح ملتان روانہ ہوگی اور میچ سے چند گھنٹے پہلے ملتان پہنچے گی امکان ہے کہ کوئٹہ کو ایئرپورٹ سے براہ راست ملتان اسٹیڈیم جانا ہوگا۔ کھلاڑیوں نے جمعرات کی شب میچ کھیلا جبکہ جمعے کو سفر کے انتظار میں رہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چارٹرڈ فلائٹ نے شام سات بجے رونہ ہونا تھا لیکن خراب موسم کی وجہ سے کھلاڑی تین گھنٹے سے زائد وقت ایئرپورٹ پر انتظار کرنے کے بعد دوبارہہوٹل منتقل ہوگئے۔ پی سی بی انتظامیہ نے کوئٹہ کو اوپر تلے میچ مختلف سینٹرز کھلانے کی پالیسی اپنائی ہے۔ لیکن موسم کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔ جمعے کو کھلاڑی دن بھر ہوٹل میں ملتان جانے کا انتظار کرتے رہے حالانکہ سڑک کے راستے سفرکیا جاسکتا تھا۔ کوئٹہ کے گلیڈی ایٹرز مالک ندیم عمر ٹورنامنٹ کے آغاز سے پہلے شیڈولنگ پر اعتراض کرچکے ہیں۔ ہفتے کی دوپہر دو بجے کوئٹہ اور ملتان کا میچ ہونا ہے۔ لیکن منتظمین نے کھلاڑیوں کے آرام کو بھی مدنظر نہیں رکھا۔ ندیم عمر کہہ چکے ہیں کہ ان کی ٹیم کو ٹورنامنٹ میں زیادہ تر جہازوں میں رکھا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کی انتظامیہ کی تحریری تحفظات کو بھی نظر انداز کیا گیا ہے۔