کراچی (نیوز ڈیسک، اسٹاف رپورٹر) سکھر کے علاقے روہڑی کے قریب مسافر کوچ تیز رفتار ٹرین کی زد میں آگئی، تصادم کے نتیجے میں کم ازکم 19 افراد جاں بحق اور 60 زخمی ہوگئے،حادثہ روہڑی کے قریب اچھیوں قبیوں کے مقام پر پیش آیا جہاں کراچی سے سرگودھا جانے والی ایک مسافر کوچ پھاٹک کھلا ہونے کے باعث پاکستان ایکسپریس کی زد میں آگئی۔
پاکستان ایکسپریس کی ٹکر سے مسافر کوچ دو حصوں میں تقسیم ہوگئی تاہم زخمیوں روہڑی اور سکھر کے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔پاکستان ایکسپریس کے انجن کو بھی نقصان پہنچا اور اسسٹنٹ ڈرائیور بھی زخمی ہوئے تاہم ٹرین پٹڑی سے اترنے سے بچ گئی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آئے روز ٹرین حادثات وفاقی حکومت کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان بن چکے ہیں، ایک ٹرین حادثے پر استعفی کی باتیں کرنے والے عمران خان آخر کتنے حادثوں بعد جاگیں گے؟۔
کمشنر سکھر شفیق مہیسر نے کہا کہ حادثے میں 18 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور زخمیوں کی تعداد 60 ہے جن کو طبی امداد دی جارہی ہےجبکہ اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔شفیق مہیسر کا کہنا تھا کہ ʼیہ بہت بڑا حادثہ ہے، مقامی انتظامیہ اور پولیس عہدیداروں کو جائے حادثہ بھیج دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک بے نام ریلوے کراسنگ ہے جہاں ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیے کوئی نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جنہیں شدید زخم آئے ہیں اور انہیں روہڑی اور سکھر کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے روہڑی اور سکھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور ڈاکٹروں اور طبی عملے کو کو فوری طور پر طلب کرلیا گیا ہے۔حادثے کے فوری بعد ایدھی، پولیس اور دیگر امدادی ادارے جائےحادثہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنا شروع کردیا۔
پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور صوبائی حکومت کو زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کی ہدیات کی۔
عینی شاہدین کے مطابق اچھیوں قبیوں کے قریب قومی شاہراہ کے ریلوے اوور ہیڈ پر ٹریفک جام کی وجہ سے مسافر کوچ نے قومی شاہراہ کو چھوڑ کر متبادل راستہ اختیار کرکے ریلوے پٹڑی سے گزرنے کی کوشش کی جہاں نہ ریلوے کا پھاٹک ہے اور نہ ہی کوئی پھاٹک والا موجود ہوتا ہے۔
دریں اثناء کنوینر ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی نےسکھرروہڑی کے قریب پاکستان ایکسپریس اور مسافرکوچ کےحادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئےٹرین وکوچ حادثے میں جاں بحق و زخمیوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اورروہڑی میں موجود ایم کیوایم پاکستان کے کارکنان کو فوری طورپر جائے حادثہ پہنچ کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینےکی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹرین کا سفر خطرناک ترین سفربنتاجارہا ہے،حکام فوری طورپر حادثے کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھائے۔