اسلام آباد (نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے نیب راولپنڈی کو پاسپورٹ اور بیان حلفی جمع کرا دیا ہے۔ نیب حکام نے لیگی رہنما کا پاسپورٹ قبضے میں لیکر ان کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کر دی ہے۔نیب نے احسن اقبال سے بیرون ملک سفر نہ کرنے کی یقین دہانی کیلئے بیان حلفی مانگا تھا۔
ذرائع کے مطابق احسن اقبال نے بیرون ملک سفر نہ کرنے کا بیان حلفی بھی جمع کرا دیا ہے اور کہا ہے کہ جب نیب بلائے، پیش ہو جائوں گا،نیب پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پہلے بھی بازو میں فریکچر کے باوجود پیش ہوتا رہا، ہمیشہ نیب کیساتھ تعاون کیا ، اسی بنا پر ہائیکورٹ نے ضمانت منظور کی۔
احسن اقبال نے کہا کہ میں اور شاید خاقان عباسی ہمیشہ میں پیش ہوتے رہے ہیں، جب نیب بلائے گا میں پیش ہونگا، میں آپریشن کے بعد بھی پیش ہوا ہوں، میں اور شاہد خاقان نیب کیساتھ تعاون کر رہے تھے پھر بھی ہمیں گرفتار کیا گیا، وہ منصوبے جو ملک کی ترقی کر رہے تھے آج حکومت بھی اس کا فائدہ اٹھا رہی ہے لیکن ہمیں اس کا مجرم بنا دیا گیا ہے۔
یہ سب کچھ عمران خان کی ایماء پر ہو رہا ہے، نیب نے ہماری ضمانت کیخلاف جتنی پھرتی دکھائی اتنی پھرتی آٹا چینی مہنگا کرنے والوں کیخلاف کرتی جن کو عمران خان کی چھتری حاصل ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ نیب فارن فنڈنگ کیس پر کیوں ایکشن نہیں لیتا، یہ بہت بڑا کیس ہے اگر نیب واقعی کرپشن کا قلع قمع کرنا چاہتا ہے اس کیخلاف کارروائی کرے، بی آر ٹی کرپشن کا بہت بڑا کیس ہے اس پر کیوں ایکشن نہیں لیتا۔