ملتان(نمائندہ جنگ) پی ایس ایل فائیو میں ملتان سلطانز کا ہوم گراؤنڈ پر ناقابل شکست رہنے کا اعزاز برقراررہا، ہفتے کو کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30رنز سے شکست دے کر مسلسل تیسری کامیابی اپنے نام کرلی،ناقابل شکست سنچری اسکور کرنے پر رائیلی روسو مین آف دی میچ قرار،شین واٹسن کی 41 گیندوں پر 80 رنز کی جارحانہ اننگز بھی کام نہ آئی ۔ میزبان ٹیم نے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل فائیو کے تینوں میچوں میں کامیابی حاصل کرکے یہ منفرد اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ملتان سلطانز نے ایونٹ کے 12ویں میچ میں رائیلی روسو کی شاندار سنچری کی بدولت مقررہ بیس اوورز میں 5وکٹوں پر 199 رنز بنائے۔ جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7وکٹوں پر 169 رنز بناسکی۔ ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ 48کے مجموعی اسکور پر ابتدائی تین کھلاڑیوں کے پویلین واپس لوٹنے پر کپتان شان مسعود اور رائیلی روسو نے کریز سنبھالی تو اوپنر جیمز ونس 29، ذیشان اشرف 8 اور معین علی 6 رنز بناکر آؤٹ ہوچکے تھے۔ نئے آنے والے دونوں کھلاڑیوں نےمیچ میں فائٹ بیک کرتے ہوئےگراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروک کھیلے۔ شان مسعود اور رائیلی روسو نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے محض 64 گیندوں پر 139 رنز کی شراکت قائم کرکے میچ میں ملتان سلطانز کی گرفت مضبوط کردی۔ رائیلی روسو 46 گیندوں پر 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔ 227سے زائد اسٹرائیک ریٹ پر مشتمل ان کی اننگز میں 10 چوکے اور 6چھکےشامل تھے۔شان مسعود 6چوکوں کی بدولت 46 رنز بناکرآؤٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ خوشدل شاہ اور سہیل تنویر نے1،1 رنز بنائے۔ کوئٹہ کے محمد نواز، محمد حسنین، بین کٹنگ، نسیم شاہ اور سہیل خان نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کےابتدائی بیٹسمنوں نے مزاحمت کی بھرپور کوشش کی مگر وہ ملتان سلطانز کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دینے میں ناکام رہے۔ شین واٹسن اور جیسن رائے پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 57 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ جیسن رائے 30 رنز بناکر آؤٹ مگر شین واٹسن نے ہمت نہ ہاری اور اپنے بلے سے رنز اگلتے رہے۔ انہوں نے 41 گیندوں پر 7 چھکوں اور 7 چوکوں کی بدولت80 رنز کی اننگز کھیلی۔ بلاول بھٹی اور عمران طاہر کی عمدہ بولنگ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مڈل آرڈر مکمل طور پر ناکام ہوگیااور یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتا رہا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی آخری 6 وکٹیں اسکور بورڈ پر محض 71 رنز کا اضافہ ہی کرسکیں۔مہمان ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔ ملتان سلطانز کے بلاول بھٹی نے 3 اور عمران طاہر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔میچ میں شاندار سنچری اسکور کرنے پر رائیلی روسو کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اتوار کو پی ایس ایل فائیو میں صرف ایک میچ کھیلا جائے گے جہاں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کی ٹیمیں پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں مدمقابل آئیں گی۔