راولپنڈی (نمائندہ خصوصی)پاک فضائیہ کے خصوصی فلائٹ آپریشن کےباعث کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹیم پاکستان سپر لیگ کا میچ کھیلنے میچ سے ساڑھے تین گھنٹے پہلے ملتان پہنچ سکی جس سے میچ کا انعقاد ممکن ہوسکا۔اس روٹ پر ہفتے کوکمرشل اورچارٹرڈ فلائٹ نہیں تھی۔پی سی بی ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ پی ایس ایل کو کامیاب بنانے میں ایئر فورس نے ہماری درخواست قبول کی۔صبح نو بجے سی ون تھرٹی کے ذریعے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ملتان پہنچی اسی فلائٹ سے کراچی کنگز کو اسلام آباد لایا گیااتوار کو پنڈی میں اسلام آباد اور کراچی کا میچ ہونا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ پی سی بی پاک فضائیہ کی شکر گذار ہے جس نے قومی فریضے میں پی سی بی کی درخواست پر ہمیں سی ون تھرٹی فراہم کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کے تعاون کے بغیر میچ کا انعقاد خطرے میں تھا۔پاکستان سپر لیگ کے ملتان میں ہونے والے میچ کو ممکن بنانے کے لئے پاکستان ایئرفورس نے خصوصی پرواز کے ذریعے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو اسلام آباد سے ملتان پہنچایا جس کے بعد ہفتے کو ہونے والا میچ ممکن ہوسکا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کی ٹیم سڑک کے راستے ملتان جانا چاہتی تھی ان کی درخواست کو نظر انداز کیا پھر فلائٹ منسوخ ہونے کے بعد ہفتے کا میچ اتوار کو کرانے کی پیشکش کی گئی تھی ۔جمعے کی شب خراب موسم کی وجہ سے قومی ایئر لائن کی چارٹرڈ فلائٹ منسوخ ہوگئی تھی۔کوئٹہ کی ٹیم کو کئی گھنٹے اسلام آباد انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر انتظار کرنے کے بعد واپس ہوٹل آنا پڑا تھا۔جمعے کو کھلاڑی دن بھر ہوٹل میں ملتان جانے کا انتظار کرتے رہے حالانکہ سڑک کے راستے سفرکیا جاسکتا تھا۔کوئٹہ کے مالک ندیم عمر ٹورنامنٹ کے آغاز سے پہلے شیڈولنگ پر اعتراض کرچکے ہیں۔