کراچی(اسٹاف رپورٹر) اشتعال انگیز تقریر سے متعلق مقدمے میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سمیت دیگر ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری۔ جبکہ عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما وسیم ختر اور قمر منصور کی عبوری ضمانت میں16اپریل کیلئے توسیع کردی۔ فاضل عدالت نے مفرور ملزمان کی عدم گرفتاری پر تفتیشی افسر پر سخت اظہار برہمی کیا اور انہیں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ملزمان کے ایک مرتبہ پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج فرمان علی کناسرو نے اشتعال انگیز تقریر کے مقدمے میں ایم کیو ایم کے رہنمانامزد میئر وسیم اختر اور قمر منصو ر(ممبر رابطہ کمیٹی)کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے قائد تحریک متحدہ قومی موومنٹ الطاف حسین سمیت دیگر رہنمائوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے۔ ان میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین، دیگر رہنمائوںریحان ہاشمی(سابق سیکٹر انچارج نارتھ ناظم آباد)، ڈاکٹر فاروق ستار، خالد مقبول صدیقی، رشید گوڈیل، اسلم ممتاز(ممبر ایلڈر ونگ)،ضمیر الحق(جوائنٹ انچارج سینٹر کمیٹی)، کیف الوریٰ(انچارج رابطہ کمیٹی)، محمد عارف ایڈووکیٹ (ممبر رابطہ کمیٹی)،کاظم رضا(لیبر ڈویژن ونگ)، کامران احمد(مرکزی کوآرڈی نیٹر)، کامران عثمانی(ممبر لیبر ونگ)،جمال احمد، وسیم قریشی(سابق سیکٹر ممبر نارتھ)، خواجہ اظہار الحسن، رئوف صدیقی ودیگر 260نامعلوم خواتین وحضرات شامل ہیں ۔