پشاور(نیوزڈیسک)صوبائی حکومت نے دارالحکومت کی بڑی شاہراہوں بالخصوص رنگ روڈ کے اطراف میں شہری خوبصورتی کی غرض سے مناسب مقامات پر پارکوں کے قیام کا فیصلہ کیا ہے وزیراعلیٰ محمود خان نے اس سلسلے میں ہدایات بھی جاری کی ہیں اس بات کا انکشاف وزیراعلیٰ کے مشیر برائے بلدیات و دیہی ترقی کامران خان بنگش نے پشاور ترقیاتی ادارہ کے ڈائریکٹر جنرل سید ظفر علی شاہ اور محکمہ بلدیات کے چیف پلاننگ آفیسر شاہ نواز خان اور دیگر متعلقہ حکام سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا کامران بنگش نے واضح کیا کہ پارکس اور باغات کا قیام شہری خوبصورتی میں کلیدی کردار کا حامل ہے اور یہ وزیرِ اعظم عمران خان کے وژن کا حصہ بھی ہے انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ پر مویشی منڈی کے قریب سالڈ ویسٹ کیلئے مختص سینکڑوں کنال وسیع وعریض اراضی پر عظیم الشان پارک کے قیام کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے جس کیلئے وزیراعلیٰ سے بات ہو چکی ہے اور انہوں نے اس کی اصولی منظوری بھی دیدی ہے اسی طرح رنگ روڈ اور سرکلر روڈ سمیت اندرون و بیرون شہر تمام شاہراہوں کے اطراف میں مناسب مقامات پر جہاں بھی خالی پلاٹ میسر ہوں گے ان پر پارکس بنائے جائیں گے انہوں نے اس ضمن میں پی ڈی اے اور دیگر بلدیاتی اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر منصوبہ بندی کرکے جامع پلان بنانے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ حکومت اس مقصد کیلئے فنڈز کی کمی آڑے نہیں آنے دے گی انہوں نے پشاور میں بڑھتی ہوئی آبادی کے پیشِ نظر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو سائنسی بنیادوں پر استوار کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم معاملے پر تمام میونسپل اداروں کو فری ہینڈ ملے گا ۔