شعیب ملک کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 152 رنز کا ہدف دے دیا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 15ویں میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
کراچی کنگز کے تجربہ کار محمد عامر نے پہلے ہی اوور میں بینٹن اور حیدر علی کو یکے بعد آؤٹ کرکے پشاور زلمی کو مکمل طور پر دباؤ میں لے لیا۔
جب ٹیم کا اسکور 10 پر پہنچا تو جارح مزاج کامران اکمل بھی عامر یامین کی گیند پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔
اس موقع پر شعیب ملک بیٹنگ کے لیے کیریز پر آئے اور اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے لڑکھڑاتی ہوئی بیٹنگ لائن کو سنبھالا۔
انہوں نے پہلے 25 رنز بنانے والے لیام لیونگسٹن کے ہمراہ 47 رنز اور پھر 25 رنز بنانے والے لوئس گریگوری کے ہمراہ مل کر 57 رنز کی شراکت بنائی اور ٹیم کو پریشانی سے نکالا۔
شعیب ملک آخری اوور میں 68 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے اور پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کے محمد عامر نمایاں بولر رہے، انہوں نے 4 اوورز میں 25 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس میچ میں پشاور زلمی کے مستقل کپتان ڈیرن سیمی آرام کی غرض سے ٹیم کا حصہ نہیں تھے اور ان کی جگہ کپتانی وہاب ریاض نے کی، جبکہ غیر ملکی کھلاڑیوں میں ویسٹ انڈیز کے کارلوس بریتھویٹ کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
گزشتہ میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست سے دوچار کیا تھا۔
دوسری جانب پشاور زلمی کا گزشتہ میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔