راولپنڈی (عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) کراچی کنگز کا لشکرپشاوز زلمی پر ٹوٹ پڑا۔ حریف ٹیم شدید حملے کی تاب نہ لاتے ہوئے پسپا ہوگئی۔ محمد عامر کے تباہ کن بولنگ اسپیل کے بعد بابر اعظم کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز نے سابق چیمپئن پشاور زلمی کو چھ وکٹ سے ہرادیا، یہ ان کی دو دن میں دوسری کامیابی ہے۔ محمد عامر نے چار اوورز کے اسپیل میں 25رنز کے عوض چار شکار کیے۔ یہ ان کی سپر لیگ میں بہترین کارکردگی ہے۔ بابر اعظم نے70ناقابل شکست رنز 59 گیندوں پر دس چوکوں کی مدد سے بنائے۔ میچ کا فیصلہ گیارہ گیندیں پہلے ہوا۔ والٹن نے22رنز بنائے۔ بابر اعظم نے ہیلز کے ساتھ ٹورنامنٹ کی سب سے بڑی101رنز کی شراکت قائم کی۔ کراچی کنگز نے پانچ میچوں کے بعد چھ پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بھی چھ پوائنٹس ہیں۔ جبکہ پشاور زلمی کے چھ میچوں کے بعد پانچ پوائنٹس ہیں۔ کراچی کی اننگز کے آغاز پر حسن علی کی جانب سے پہلے اوور میں شرجیل خان نے دوسری گیند پر چوکا لگایا مگر اس کے بعد اگلی گیند پر وہ ایل بی ڈبلیو قرار دیے گئے۔ ری پلے کے مطابق گیند لیگ اسٹمپ کے باہر گری تھی اور اگر وہ ریویو لے لیتے تو فیصلہ واپس ہو جاتا۔ یاسر شاہ نے49رنز پر ہیلز کو بولڈ کردیا ۔ انہوں نے27گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چھ چوکے اور دو چھکے مارے۔ ڈیل پورٹ دو رنز بناکر یاسر شاہ کا شکار بنے۔ پیر کی شب پشاور زلمی نے فاسٹ بولر محمد عامر کی جانب سے پہلے ہی اوور میں دو اہم وکٹیں حاصل کرنے کے بعد شعیب ملک کی اچھی اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 151 رنز بنالیے۔ شعیب ملک نے اس سال ٹورنامنٹ کی پہلی نصف سنچری بنائی۔ انہوں نے سب سے زیادہ 68 رنز بنائے۔ شعیب نے 55گیندیں کھیلیں ان کی اننگز میں چھ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ راولپنڈی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کے 15ویں میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ میچ کی پہلی گیند پر عامر نے ٹام بینٹن کو ایل بی ڈبلیو کر دیا جس کے لیے انھوں نے ریویو کی مدد لی جبکہ تیسری گیند پر حیدر علی سؤئنگ ہوتی ہوئی گیند کو نہ کھیل سکے جو بیٹ اور پیڈ کے درمیان سے ہوتے ہوئے وکٹوں کو لگ گئی۔ اس کے بعد عامر یامین نے چار رنز پر کامراکمل کو بھی چوتھے اوور میں چلتا کر دیا۔ شعیب ملک نے لیونگ اسٹون کے ساتھ 47 اور پھر گریگوری کے ساتھ47رنز کی شراکت قائم کی۔دسویں اوور میں اسپنر عمر خان نے لونگ سٹون کو 25 رنز پر آؤٹ کر دیا جن کا بابر اعظم نے باؤنڈری پر بہترین کیچ لیا۔ کارلوس بریتھویٹ نے ایک چھکا ضرور لگایا لیکن 8 رنز بنا کر پویلین کی راہ لی۔ کپتان وہاب ریاض آخری اوور میں 2 رنز بنا کر جورڈن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔