بھارتی اداکار عرفان خان کا کہنا ہے کہ اگر وہ زندہ رہے تو صرف اپنی بیوی کے لیے زندہ رہیں گے۔
بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو سالوں سے کینسر جیسے جان لیوا مرض سے لڑنے والے بالی ووڈ اداکار عرفان خان کا کہنا ہے کہ’ہماری زندگی رولر کوسٹر کی ایک یادگار سواری کی طرح ہوتی ہے جہاں ہم شور مچاتے ہیں، ڈرتے ہیں، خوش ہوتے ہیں، ہنستے روتے ہیں۔‘
عرفان خان نے کہا کہ ’ہم اپنی زندگی میں تھوڑا روتے ہیں اور زیادہ مُسکراتے ہیں اور یوں ہی دیکھتے ہی دیکھتے ہم بڑے ہوجاتے ہیں۔‘
بھارتی اداکار نے کہا کہ ’میں نے اپنی زندگی میں ایک مشکل وقت دیکھا ہے اور ہمت کرکے کسی نہ کسی طرح اُس لمحے میں خود پر قابو پاکر برداشت کیا ہے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’میں نے اپنی بیماری کے دوران اپنے بیٹوں کے ساتھ بہت اچھا وقت گُزارا۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’میرے بیٹے جس عُمر میں ہیں اُس عُمر کے لڑکے کھیل کود اور دوسری سر گرمیوں میں مصروف رہنا پسند کرتے ہیں لیکن میرے بیٹوں نے میرا ساتھ دے کر مجھے زندگی کے بہترین لمحات دے دیے۔‘
عرفان خان نے اپنی اہلیہ کے حوالے سے کہا کہ ’میرے مشکل وقت میں میری اہلیہ نے میرا بہت ساتھ دیا وہ 24 گھنٹے میرے ساتھ رہتی تھیں میری دیکھ بھال کرتی تھیں آج جس مقام پر ہوں صرف اپنی اہلیہ کی وجہ سے ہوں۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’اگر میں زندہ رہوں گا تو صرف اپنی اہلیہ کے لیے زندہ رہوں گا۔‘
بھارتی میڈیا کے مطابق عرفان خان ابھی مکمل طور پر صحتیاب نہیں ہوئے ہیں اور وہ ابھی بھی کینسر جیسے مرض سے لڑ رہے ہیں۔
اِس سے قبل عرفان خان نے اپنی نئی آنے والی فلم ’انگریزی میڈیم‘ کا ٹریلر مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے اپنا ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس میں اُنہوں نے کہا تھا کہ ’فلم انگریزی میڈیم میرے لیے بہت خاص ہے اور میں اس کی تشہیر اُسی محبت سےکروں گا جس پیار و محبت سے ہم نے اِس کو بنایا ہے۔‘
عرفان خان نے اپنے مرض کے حوالے سے کہا تھا کہ ’اِس وقت میرے جسم میں ایک مرض نشونما پارہا ہے لیکن میں پھر بھی اپنی فلم کی تشہیر کروں گا۔‘
بھارتی اداکار نے کہا تھا کہ ’مجھے اُمید ہے کہ یہ فلم آپ کو ہنسائے گی، رُلائے گی اور پھر سے ہنسائے گی۔‘
اُنہوں نے کہا تھا کہ ’آپ اِس کے ٹریلر سے ہی لطف اندوز ہوجائیں گے۔‘
واضح رہے کہ عرفان خان کی فلم ’انگریز میڈیم‘ رواں ماہ 12 مارچ کو ریلیز کی جائے گی، اِس فلم میں عرفان خان کے ساتھ اداکارہ کرینہ کپور بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔