• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام میں خواتین کے حُقوق کا تحفظ اور اُن سے حُسنِ سلوک کی تعلیم

احترام انسانیت اور انسانی حقوق کے تاریخ ساز چارٹر خطبۂ حجۃ الوداع میں محسن انسانیتﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’لوگو! عورتوں کے معاملے میں اللہ سے ڈرو اور ان کے ساتھ بھلائی کرنے کی میری وصیت قبول کرو۔‘‘ جب کہ اسلام کی آمد سے قبل مالی میراث کے بارے میں عرب اہل جاہلیت کا یہ نظریہ تھا کہ جائیداد کا وارث اور حق دار صرف اور صرف مرد ہے۔ اس لیے کہ وہ گھوڑے پر سوار ہوتا ہے، اسلحہ اٹھاتا ہے، جنگ کرتا ہے ،جب کہ عورتیں ان صفات سے محروم ہیں، لہٰذا وہ وارث بننے یا ورثہ کی حقدار نہیں ہوسکتیں۔پھر اسلام کا عظیم الشان دور آیا، جو سسکتی انسانیت کے لئے مسیحا ثابت ہوا، مرد و زن کو اس مثالی دین نے وہ احکام اور تعلیمات دیں جو دونوں کی جسمانی اورحیاتیاتی سانچوں کے عین مطابق ہیں۔

عورت کو آدھی دنیا کہاگیا، اور کہاجاتا ہے، اس لئے اسے کسی بھی سماج کے لیے نظر انداز کرنا آسان نہیں ، بلکہ حقیقت یہ ہے کہ عورت انسانی حیات کی گاڑی کا لازمی پہیہ ہے، لیکن انسانی تاریخ کا یہ المیہ ہے کہ آدھی دنیا ہونے کے باوجود اسے وہ اہمیت و حیثیت نہیں دی گئی، جس کی واقعتاً وہ مستحق تھی، جس طرح قدیم تہذیب و تمدن (یعنی اسلام کی آمد سے قبل) نے عورت کے وقار کو تباہ کیا، اسی طرح جدید تہذیب نے بھی اسے شو پیس بنایا، اشتہاری مہم میں استعمال تو کیا ،لیکن اسے عزت نہیں بخشی ۔آج یورپ حقوق نسواں اور آزادی نسواں کا علم بردار بنا ہوا ہے، حقیقت میں انہوں نے عورت کو معاشرے میں اُس کا جائز مقام دلوانے کے بجائے اُسے انتہائی گھٹیا انداز میں پیش کیا ،جب کہ انسانی حقوق کے سب سے بڑے علم بردار نبی آخر الزماں حضرت محمد ﷺ ہیں۔

آپﷺ کی آمد سے پہلے عورت معاشرے کا ایک انتہائی پسماندہ اور محکوم طبقہ سمجھی جاتی تھی، اُسے معاشرے میں کوئی عزت اور مقام حاصل نہیں تھا، لیکن اسلام نے اپنی آمد کے ساتھ عورت کو معاشرے میں نہ صرف جینے کا حق دیا، بلکہ اُسے اُس کا جائز مقام دلوایا اور مردوں پر عورتوں کے متعدد حقوق عائد کیے ۔چناںچہ اسلام نے ماں کے روپ میں عورت کا درجہ اس طور پر بلند کیا کہ ماں کے قدموں تلے جنت قرار دی ،اس کے ساتھ ساتھ باپ کے مقابلے میں ماں کا درجہ تین درجے بلند کیا۔ماں کے حق کے حوالے سے تفسیرابن کثیر میں ہے کہ ایک شخص اپنی والدہ کو کمر پر اٹھائے ہوئے طواف کررہا تھا، اس نے حضور اقدس ﷺسے عرض کیا کہ کیا میں نے اس طرح خدمت کرتے ہوئے اپنی والدہ کا حق ادا کردیا؟

آپ ﷺ نے فرمایا کہ ایک سانس کا حق بھی ادا نہیں ہوا۔اسی طرح اسلام نے عورت کو بیوی کا درجہ دے کر اس قدر اُس کی شان بڑھائی کہ اللہ رب العزت نے اپنی کتاب مبین میں عورتوں کے حقوق مردوں کے برابر فرمائے ہیں۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے،’’اور عورتوں کا دستور کے مطابق مردوں پر ویسا ہی حق ہے جیسے مردوں کا عورتوں پر حق ہے اور مردوں کو اُن پر ایک منزلت حاصل ہے اور یہ منزلت اللہ رب العزت نے مردوں کو عورتوں پر اس لیے عطا فرمائی ہے کہ وہ عورتوں کی نگرانی،اُن کی نگہبانی اور اُن کے نان نفقے کی ذمے داری بہتر طور پر انجام دیں۔‘‘(سورۃ البقرہ)جب کہ اللہ کے رسول ﷺنے عورتوں کے ساتھ متعدد موقعوں پر اچھے برتاؤ کی تلقین کی ہے ۔

جامع ترمذی میں آپﷺ کا ارشاد ہے:’’ تم میں سے بہترین لوگ وہ ہیں جو اپنی بیویوں کے ساتھ معاملات میں اچھے ہیں‘‘ اسی طرح پیغمبر اسلام ﷺنے عورت کو ،ماں،بہن ،بیوی اور بیٹی کے روپ میں اعلیٰ مقام دیا،بیٹی کی پرورش کرنے اور بلوغت کے بعد اُن کی رخصتی کردینے کی صورت میں جنت میں ساتھ رہنے کی ضمانت عطا فرمائی ،چناںچہ بخاری میں حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا، جس نے دو یا تین بیٹیوں کی یا دو یا تین بہنوں کی پرورش کی اور وہ اُن کی ذمے داریوں کو نبھاتا رہا، یہاں تک کہ وہ اُس سے شادی کردینے کی صورت میں یا فوت ہوجانے کی صورت میں جداہوئیں تو میں اور وہ شخص جنت میں اس طرح ساتھ ہوں گے جس طرح میری یہ دو انگلیاں ،آپ ﷺنے اپنی انگشت شہادت اور درمیانی انگلی کی طرف اشارہ فرمایا۔اسی طرح مشکوٰۃ شریف میں ایک روایت اس طور پر نقل کی گئی ہے کہ آپﷺ نے فرمایا جو شخص بھی لڑکیوں کی پیدائش کی ذمے داریوں کے ذریعے آزمایا گیا اور ان کے ساتھ اچھا سلوک کرکے آزمائش میں کامیاب ہوا تو یہ لڑکیاں اُس کے لیے قیامت کے دن جہنم کی آگ سے ڈھال بن جائیں گی۔

جوں جوں زمانہ ترقی کرتا رہا، اسلام مخالف سرگرمیوں میں بھی اضافہ اور نت نئے طریقے ایجاد ہوتے رہے، مغرب نے اسلام کے ہراس نظریے کو مٹانے اور داغ دار کرنے کی پوری کوشش کی، جس کے زیر اثر ایک صحت مند انسانی تہذیب سانس لے رہی تھی۔ یورپ نے اسلامی نظریات و تعلیمات کے مقابل اپنے غیرمتوازن نظریات کو لاکھڑا کیا، اس کی ظاہری چمک دمک دکھاکر سادہ دل انسانوں کو پھانسنے کی بھرپور کوشش کی۔وہ دور رس منفی نتائج سے بے خبر جدید تہذیب کے بہاؤ میں بہتے چلے گئے۔ اس تہذیب سے جتنا نقصان عورت کی ذات کو پہنچا ،کسی اور کو نہیں پہنچا۔ عورت کو گھروں سے نکال کر عام شاہراہوں پر نمائش کے لیے لاکھڑا کیا، اسلام نے اس کے برعکس اسے عزت وعظمت عطا کی۔

اسلام میں عورتوں کو دینی اور دنیوی علوم سیکھنے کی نہ صرف اجازت دی گئی ہے، بلکہ ان کی تعلیم و تربیت کو اسی قدر ضروری قرار دیاگیا ہے جس قدر مردوں کی تعلیم و تربیت ضروری ہے، رسول اللہ ﷺ سے جس طرح دین واخلاق کی تعلیم مرد حاصل کرتے تھے ،اسی طرح عورتیں بھی حاصل کرتی تھیں، آپ نے ان کے لئے اوقات متعین فرمادئیے تھے ،جن میں وہ آپ سے علم حاصل کرنے کےلیے حاضر ہوتی تھیں، آپ ﷺکی ازواج مطہراتؓ اور خصوصاً حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نہ صرف عورتوں کی بلکہ مردوں کی بھی معلّمہ تھیں، اور بڑے بڑے صحابہ و تابعین ان سے حدیث، تفسیر، فقہ کی تعلیم حاصل کرتے تھے، اشراف تو درکنار نبی ﷺ نے لونڈیوں تک کو علم اور ادب سکھانے کا حکم دیا۔ 

اسلامی نقطۂ نظر سے عورت کی صحیح تعلیم و تربیت وہ ہے جو اسے ایک بہترین بیوی، بہترین ماں،اور بہترین گھروالی بنائے۔ اس کا دائرئہ عمل گھر ہے، اس لئے خصوصیت کے ساتھ ان علوم کی تعلیم دی جانی چاہیے جو اس دائرے میں اسے زیادہ مفید بناسکتے ہیں، مزید برآں وہ علوم بھی اس کے لئے ضروری ہیں جو انسان کو انسان بنانے والے اور اس کے اخلاق کو سنوارنے والے اوراس کی نظر کو وسیع کرنے والے ہیں۔ ایسے علوم اورایسی تربیت سے آراستہ ہونا ہر مسلمان عورت کے لئے لازم ہے۔ اس کے بعداگرکوئی عورت غیرمعمولی عقلی و ذہنی استعداد رکھتی ہو، اور ان علوم کے علاوہ دوسرے علوم و فنون کی اعلیٰ تعلیم بھی حاصل کرنا چاہے تواسلام اس کی راہ میں مزاحم نہیں ہے۔اسلام کا خاندانی نظام عورت کے تحفظ کا ضامن ہے،اسلام ہر حیثیت میں عورتوں کے حوالے سے حسن معاشرت اور ان کے تحفظ کا علم بردار ہے،عورتوں سے حسن سلوک کی تعلیم قرآن وسنت میں جابجا دی گئی ہے۔حقیقت یہ ہے کہ اسلام اور پیغمبر اسلام، حضرت محمدﷺ نے خواتین کے حقوق اور ان سے حسن سلوک کے حوالے سے جو تعلیمات انسانیت کو دی ہیں ،دنیا کا کوئی مذہب ،کوئی معاشرہ اور کوئی قانون اس کی برابری نہیں کرسکتا۔

تازہ ترین