پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو ملتان سلطانز او ر کراچی کنگز کے درمیان میچ بارش کی وجہ سے مکمل نہ ہوسکا، دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ملتان سلطانز کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا، 17 کے اسکور پر ذیشان اشرف صرف 2 رنز بناکر معین علی کا ساتھ چھوڑ گئے۔
ملتان سلطانز کو دوسرا نقصان بھی جلد ہی اٹھانا پڑا، معین علی برق رفتاری سے رنز بنانے کی کوشش میں محمد عامر کی گیند پر کیچ دے بیٹھے، اگلی ہی گیند پر نئے آنے والے بیٹسمین ریلی روسوو بھی آؤٹ ہوگئے۔
یکے بعد دیگر دو بڑی وکٹیں گرنے کے بعد ملتان سلطانز دباؤ کا شکار ہوگئی اور روی بوپارا بھی 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ شان مسعود کو 9 رنز پر عماد وسیم نے کلین بولڈ کیا۔
53 کے مجموعے پر ملتان سلطانز کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی، چھٹے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین خوشدل شاہ تھے، جو 16 گیندوں کا سامنا کرکے صرف 8 رنز بناسکے۔
اس مشکل صورتحال میں شاہد آفریدی نے دھواں دار بیٹنگ کی۔ 17ویں اوور کا میچ جاری تھا کہ بارش شروع ہوگئی، جس کے باعث مزید کھیل ممکن نہ ہوسکا اور دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
جب کھیل ختم ہوا تو ملتان سلطانز نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 102 رنز بنائے تھے، شاہد آفریدی 17 گیندوں پر 37 اور سہیل تنویر 10 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔
کراچی کنگزکی جانب سے عامر یامین اور عماد وسیم نے دو، دو جبکہ محمد عامر اور عمر خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز 9 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر ہے جبکہ کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے سات، سات پوائنٹس ہیں تاہم رن ریٹ کی بنیاد پر کراچی کنگز دوسرے نمبر پر ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور لاہور قلندرز دو پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔
کراچی کنگز کی ٹاس جیت کر فیلڈنگ
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو کے 19ویں میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیاتھا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کے لیے کراچی کنگز کی ٹیم شرجیل خان، بابر اعظم، ایلکس ہیلز، چیڈوک والٹن، افتخار احمد، عماد وسیم، عامر یامین، کرس جارڈن، مچل مک کلینیگھن، محمد عامر اور عمر خان پر مشتمل تھی۔
ملتان سلطانز کی ٹیم میں ذیشان اشرف، شان مسعود، معین علی، ریلی روسوو، روی بوپارا، خوشدل شاہ، شاہد آفریدی، سہیل تنویر، محمد الیاس، عمران طاہر اور محمد عرفان پر مشتمل تھی۔