لاہور (عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا۔ دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا۔ ٹورنامنٹ میں یہ دوسرا میچ ہے جو بارش کی نذر ہوا ہے۔ جمعے کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں نو بج کر21منٹ پر اچانک بارش شروع ہوگئی جس کے بعد میچ روک دیاگیا ۔ پونے گیارہ بجے امپائروں نے گرائونڈ کا معائنہ کرکے میچ ختم کردیا۔ اس نتیجے کے بعد ملتان سلطانز کی ٹیم 9 پوائنٹس کے ساتھ بدستور ٹاپ پر ہے اس نےچھ میں سے چار میچ جیتے ہیں ۔ ایک میچ ہارا اور ایک کا نتیجہ برآمد نہ ہوسکا۔ کراچی کنگزنے چھ میں سے تین میچ جیتے ہیں دو ہارے ہیں اور ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا۔ میچ میں ملتان سلطانز نے چھ وکٹ پر 16.5 اوورز میں 102رنز بنائے تھے۔شاہد آفریدی نے17گیندوں پر35رنز بنائے جس میں ایک چوکا اور تین چھکے شامل تھے۔ سہیل تنویر 18گیندوں پر دس رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔ عماد وسیم نے چار اوورز میں14رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ عامر یامین نے دو گیندوں پر دو وکٹیں حاصل کیں اور وہ ہیٹ ٹرک پر تھے لیکن روی بوپارا نے ہیٹ ٹرک نہیں ہونے نہیں دی۔ذیشان اشرف 8 گیندوں پر محض 2 رنز بنا سکے ۔ ان کی وکٹ محمد عامر نے حاصل کی۔ میچ کا رخ اس وقت بدل گیا جب محض پانچ گیندوں پر ملتان کے تین بڑے بیٹسمین آؤٹ ہو گئے۔