• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا 91 ممالک میں پھیل گیا، متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ ہوگئی، ایران، فرانس،انڈیا اور جنوبی کوریا میں سیکڑوں نئے مریضوں کی تصدیق

کورونا 91 ممالک میں پھیل گیا، متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ ہوگئی


کراچی، پیرس (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) کورونا وائرس دنیا کے 91 ممالک میں پھیل گیا۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ ایک ہزار 587 ہوگئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 406 ہوگئی ہے۔

اٹلی میں کورونا وائرس سے مزید 47افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد وہاں ہلاکتوں کی تعداد 197ہوگئی ہے، اٹلی میں کورونا کے 778نئے کیسز کے بعد وہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4ہزار ہوچکی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہم نے کورونا وائر س کو روک لیا ہے ، فرانس کے صدر میکغوں نے کورونا کی ویکسین کیلئے 4کروڑ 60لاکھ پاونڈ امداد کا اعلان کردیا ہے۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ برطانیہ کو کورونا وائرس سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ، چین میں کورونا سے 3ہزار 15افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ دنیا کے دیگر ممالک میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 267ہے۔

کورونا وائرس کے گڑھ چین کے شہر ووہان میں رواں ماہ کے آخر تک کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کی شرح صفر ہوجانے کا امکان ہے۔

ووہان شہر کے سوا صوبہ ہوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا، ایران، فرانس، انڈیا اور جنوبی کوریا میں سیکڑوں نئے مریضوں کی تصدیق، جمعے کے روز سب سے زیادہ 1200 نئے کیسز ایران میں رپورٹ کئے گئےجبکہ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کے مشیر اور سابق نائب وزیرخارجہ حسین شیخ الاسلام کورونا وائرس سے انتقال کرگئےہیں۔

ایران میں ہلاکتوں کی تعداد124ہوچکی ہےجبکہ 3 ہزار 513 افراد متاثرہوچکے ہیں ،اٹلی، ایران اور بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں اسکولز اور یونیورسٹیاں بند کردی گئیں ، فرانس میں کورونا کے 200نئے کیسز سامنے آگئے جبکہ بھارت میں کورونا کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 31ہوچکی ہے ، دارالحکومت نئی دہلی میں تمام اسکولز 31مارچ تک بند کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

بھارت میں کورونا کے پھیلائو کے بعد پولٹری کی قیمتیں 80 فیصد کم ہوگئیں، امریکا میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 12ہوگئی ، امریکا میں بارہویں ہلاکت بھی ریاست واشنگٹن میں ہوئی ہے۔

ریاست میری لینڈ میں بھی کرونا وائرس کے تین کیسز کی تصدیق ہوئی ہے ،امریکا میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 250ہوچکی ہے ، امریکی میڈیا کے مطابق یونیورسٹی آف واشنگٹن نے کلاسیں معطل کردیں جبکہ دیگر یونیورسٹیاں اور تعلیمی ادارے بھی بندش پر غور کررہے ہیں ، ریاست میری لینڈ میں ایمرجنسی عائد کردی گئی ہے،فلسطین میں بھی کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 7ہوگئی ہے جس کے بعد فلسطین میں بھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

اسرائیلی فورسز نے بیت اللحم کو سیل کردیا جبکہ فلسطینی حکام نے چرچ آف نیٹیویٹی (کلیسائے مہد) کو بند کرنے کے احکامات جاری کردیے ،کوونا وائرس کے پھیلاؤ کے خوف سے لندن میں دس مارچ سے شروع ہونے والے کتب میلے کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔

رواں سال کے لیے اس میلے میں دنیا کے مختلف علاقوں سے 25 ہزار، پبلشرز، مصنفین اور ایجنٹس کو شریک ہونا تھا، بالی ووڈ نے کورونا وائرس کے خوف سے آسکر ایوارڈز کی تقریب ملتوی کردی ہے۔

یہ 3روزہ تقریب انڈور میں منعقد ہونا تھی ، جاپان میں اولمپک کی مشعل روشن کرنے کی تقریب میں بچوں کی شرکت پر پابندی عائد کردی گئی ہے ،یہ بات ٹوکیو اولمپکس کے چیف آرگنائزر نے بتائی، جنوبی کوریا نے جاپان کی جانب سے اپنے مسافروں کو 2 ہفتے کے لیے قرنطینہ میں رکھنے کے فیصلے پر احتجاج کے لیے جاپانی سفیر کو طلب کرلیا۔

بلغاریہ میں کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر اسکولز بند کردیے جبکہ جمعے کے روز سے سرجرزیز پر بھی پابندی عائد کردی ہے ، اٹلی میں کورونا وائرس کے پھیلائو کے بعد سرے اے میں فٹبال کی دو بڑی ٹیموں کے درمیان میچ کل اتوار کے روز بند دروازوںکے پیچھے کھیلا جائے گا۔

اس دوران اسٹیڈیم میں صرف 500شائقین موجود ہوں گے ، ان شائقین کو بھی اسٹیڈیم میں داخلے سے قبل بخار وغیرہ چیک کروانا ہوں گے اور اسکریننگ سے گذرنا ہوگا۔

اس دوران صحافیوں کو دو میٹر تک دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ، سعودی عرب میں وزارت ثقافت نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے سلسلے میں حفاظتی وجوہات کی بنا پر ریاض میں آئندہ بین الاقوامی کتب نمائش کا انعقاد ملتوی کر دیا گیا ہے۔

کورونا وائرس کے حوالے سے اعدادشمار کرنے والے عالمی ادارے جونز ہوپکنز نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا کے 53ہزار 600مریض صحتیاب ہوچکے ہیں ، یورپ میں کورونا سے متاثرہا فراد کی تعداد 5ہزار سے بڑھنے کے بعد کئی کانفرنسز ، تجارتی میلے ، ثقافتی تقاریب اور کھیلوں کے مقابلے ملتوی کردیے گئے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت نے جمعے کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دنیا بھر میں کرونا وائرس سے مزید 84 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد اس وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 3282 تک پہنچ چکی ہے۔

تازہ ترین