پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اہم میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی اور اس کے ساتھ ہی پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
بارش سے متاثرہ اس میچ کو 9 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا تھا۔
یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 9 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز بنائے۔
کولن منرو 25 اور لیوک رونکی 18 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر اور جنید خان نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں سلطانز کے اوپنر ذیشان اشرف اور جیمز وینس حریف ٹیم پر قہر بن کر برسے۔
دونوں نے پہلی وقت پر 68 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کو جیت کے قریب کردیا۔
ذیشان اشرف 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، لیکن جیمز وینس نے 24 گیندوں پر 61 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر ٹیم کو 9 وکٹوں سے فتح دلوائی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے 30 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
جیمز وینس کو شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
اس فتح کے ساتھ ہی ملتان سلطانز کے 11 پوائنٹس ہوگئے اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست ہے۔
اس فتح کے ساتھ ہی ملتان سلطانز پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بھی بن گئی۔