لاہور(نمائندہ خصوصی)کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی اتوار کو لاہور کے ہوٹل میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کا میچ دیکھتے رہے۔دفاعی چیمپئن بدھ کی شب ملتان سلطانز اور15 مارچ کو اپنا آخری گروپ میچ کراچی کنگز کے خلاف کھیلے گی۔ یہ پی ایس ایل کا آخری لیگ میچ ہوگا۔ گلیڈی ایٹرز کی جیت کا انحصار بقیہ دو میچوں کی کارکردگی پر ہوگا۔کوئٹہ کو آٹھویں میچ میں پانچویں شکست ہوئی ہے تاہم تین میچوں میں کامیابی کے بعد اب بھی اس کے لئے پلے آف میں جانے کے لئے امید کی ہلکی سے امید موجود ہے۔کوئٹہ کی ٹیم میں مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل کی شمولیت کا امکان ہے۔ حارث سہیل کی گھر ایک دن پہلے بیٹی کی ولادت ہوئی ہے اس لئے ان سے فون پر رابطہ ممکن نہیں ہورہا۔ حارث سہیل کوئٹہ میں ویسٹ انڈین کیمو پاول کی جگہ لیں گے جنہیں قومی ٹیم میں طلب کر لیا گیا ہے۔ کیمو نے ٹورنامنٹ میں کوئی میچ نہیں کھیلا ہے۔ حارث سہیل اس سے قبل لاہور قلندرز کی جانب سے پی ایس ایل کھیل چکے ہیں۔ لاہور قلندرز کے خلاف کوئٹہ98رنز بناسکی۔ یہ پی ایس ایل سیزن فائیو کا کم ترین اور لیگ میں مجموعی طور پر پانچواں کم ترین اسکور ہے۔