• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس، اٹلی کی 25 فیصد آبادی قرنطینہ، سعودی شہر قطیف لاک ڈاؤن، ایک ہی روز 133 اطالوی، 49 ایرانی ہلاک

کورونا وائرس، اٹلی کی 25 فیصد آبادی قرنطینہ


کراچی (نیوز ڈیسک، اے ایف پی)اٹلی میں کورونا وائرس کے پھیلائو کے بعد ایک چوتھائی آبادی کو قرنطینہ میں ڈال دیا گیا ، اٹلی میں ایک ہی روز میں مزید 133شہری ہلاک ہوگئے جس کے بعد وہاں ہلاکتوں کی تعداد 366ہوگئی ، یہ چین کے بعد کسی بھی ملک میں ہلاکتوں کی سب سے بڑی تعداد ہے ،سب سے زیادہ ہلاکتیں چین میں تقریباً 3100 ہےجہاں اتوار کے روز مزید 44افراد ہلاک ہوگئے۔

اٹلی میں کورونا کے مزید 1492کیسز کی تصدیق کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 7375ہوگئی ہے ، کورونا کے پھیلاو کے بعداٹلی کے شمالی خطے میں ایک کروڑ 60لاکھ افراد کو قرنطینہ میں ڈال دیا گیا ہے ،اٹلی میں فٹبال کے مقابلےاور نمائش ملتوی کردی گئی جبکہ قیدیوں سے ملنے پر پابندی بھی عائد کردی گئی ہے۔

اٹلی کی سول پراٹیکشن ایجنسی کے مطابق انہوں نےکورونا سے بچائو کیلئے 2کروڑ 20لاکھ سرجیکل ماسکس کا آرڈر دیدیا ہے ، عالمی ادارہ صحت نے اٹلی کے اقدامات کی تعریف کی ہے ، سعودی عرب میں کورونا وائرس کےمزید 4کیسز کی تصدیق کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 11ہوچکی ہے، ان تمام افراد کا تعلق قطیف سے ہے اور یہ لوگ ایران سے واپس لوٹے تھے۔

سعودی وزارت داخلہ کے مطابق ملک میں کورونا کے پھیلاو کو روکنے کیلئے قطیف کو لاک ڈائون کردیا گیا ہے،قطیف میں داخلے اور وہاں سے نکلنے پر عارضی پابندی عائد کردی گئی ہے ، 5 لاکھ آبادی والے علاقے قطیف میں لاک ڈاون خلیج کے خطے میں اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہے۔

ایران میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا وائرس سے مزید 49افراد ہلاک ہوگئے ہیں ، یہ ایران میں وائرس سے کسی بھی ایک روز کے اندر سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔

ایرانی وزیر صحت کے مطابق ایران میں ہلاکتوں کی تعداد 194ہوگئی ہے ، گزشتہ روز ہلاک ہونے والوں میں دو علماء اور ایک سابق پراسیکیوٹر بھی شامل ہیں، اتوار کو کورونا کے 743نئے کیسز سامنے آئے،کورونا ایران کےتمام 31 صوبوں میں پھیل چکا ہے اور 6566 کیسوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔

ایران کی فضائیہ نے یورپ کیلئے تمام پروازیں تاحکم ثانی منسوخ کرنے کا اعلان کردیا ہے ، جنوبی کوریا میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 50 ہوچکی ہے، جنوبی کوریا میں متاثرہ افراد کی تعداد 7ہزار 313 ہوگئی ہے۔

دنیا کے 99 ممالک اور خطوں میں کورونا وائرس کی نئی قسم سے ہلاکتوں کی تعداد 3ہزار 600 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 5ہزار ہوگئی ہے۔

روس میں شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اگر انہوں نے قرنطینہ کے احکامات کی خلاف ورزی کی تو انہیں 5برس تک قید کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ، امریکا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 500 کے قریب ہوچکی ہے جبکہ صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی میڈیا ہمیں برا دکھانے کی پوری کوششیں کررہا ہے حالاں کہ ہم نے وائرس سے نمٹنے کیلئے تمام تر تیاری مکمل کررکھی ہے۔

ٹرمپ نے کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کے اعدادوشمار کو بھی جعلی قراردیتے ہوئے کہا کہ اس کے کیسز کی تعداد بدستور کم ہورہی ہے اور جلد ہی اس کی ویکسین تیار کرلی جائیگی، کوورنا امریکا کی 30ریاستوں تک پہنچ گیا ہے جبکہ امریکی ریاست اوریگون میں کورونا کے 7نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ریاست میں 60روز کیلئے ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ، ریاست میں متاثرہ افراد کی تعداد 14ہوچکی ہے۔

امریکی فوج نے اپنے فوجیوں اور ان کے اہلخانہ کے اٹلی اور جنوبی کوریا کے سفر پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ ان ممالک میں موجود فوجیوں اور ان کے اہلخانہ پر بھی سفری پابندی عائد کردی ہے۔

امریکی ریاست نیو جرسی میں بھی کورونا کے دو نئے کیسز کی تصدیق کردی گئی ہے جس کے بعد ریاست میں متاثرہ افراد کی تعداد 6ہوگئی ہے ، امریکی ریاست کنیکٹی کٹ میں بھی کورونا کے پہلے کیس کی تصدیق کردی گئی ہے۔

مصر کی خاتون وزیرِ صحت ہالہ زاید کا کہنا ہے کہ الاقصر گورنری میں ساحل سمندر پرپہنچنے والی ایک سیاحتی کشتی میں کورونا کے متاثرہ افراد کی تعداد 12 سے بڑھ کر 45 تک پہنچ گئی ہےجس میں 19غیر ملکی شامل ہیں، اقوام متحدہ کی جانب سے تجارت پر کی گئی کانفرنس میں متنبہ کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے بعد دنیا بھر میں براہ راست بیرونی سرمایہ میں 15فیصد تک کمی کا امکان ہے۔

فرانس اور جرمنی میں کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے ایک ہزار سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی عائد کردی گئی ہے،فرانس میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 19ہوچکی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار 125ہوچکی ہے ، جرمنی میں ابھی تک کوئی ہلاک نہیں ہوا لیکن مریضوں کی تعداد850تک پہنچ گئی ہے۔

مصر میں کورونا سے ایک جرمن شہری کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے ، امریکی ریاست کیلیفورنیا نے گرینڈ پرنسس نامی کروز شپ گرینڈ پرنسس کے مسافروں کے انخلاء کی تیاری مکمل کرلی ہے، اس جہاز میں 3500افراد سوار ہیں جس میں سے 21افراد میں کورونا کی تصدیق کی جاچکی ہے۔

کینیڈا کے صوبے اونتیریو اور البرٹا میں کورونا کے 3نئے کیسز کی تصدیق کردی گئی ہے ، مصر میں وزارتِ صحت نے اتوار کو کورونا وائرس سے پہلی موت کی تصدیق کی ہے، مرنے والا مصری جرمن شہری ہےجوجمعہ کو الاقصر شہر سے الغردقہ پہنچا تھا۔

امریکا کے شہر نیویارک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 105ہوگئی ہے ، امریکی ریاست واشنگٹن میں چرچ کے پادری میں بھی کورونا کی تصدیق کردی گئی ہے جس کے بعد اتوار کے روز چرچ کو بند کردیا گیا ، یہ گزشتہ 150برس میں پہلی مرتبہ ہے کہ اس چرچ کو بند کیا گیا ہے۔

ارجنٹینا میں پہلی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی جبکہ بنگلہ دیش میں بھی پہلی مرتبہ کورونا کے تین کیسز سامنے آگئے ، یورپی فٹبال مقابلوں کی منسوخی کے بعد ایشین چیمپئنز لیگ کا انعقاد بھی ملتوی کردیا گیا ہے ۔

تازہ ترین